ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2025
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان

 



ممبئی:  انڈین کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی بھارتی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہفتے کے روز ممبئی میں بی سی سی آئی کے سلیکٹرز نے ٹیم کا اعلان کیا اور بتایا کہ خراب فارم کے باعث ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر کے مطابق شبھمن گل اس وقت خراب فارم کا سامنا کر رہے ہیں اور حالیہ ٹی 20 میچز میں اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے، اسی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق شبھمن گل نے اپنے آخری 15 ٹی 20 میچز میں صرف 291 رنز بنائے ہیں جو ان کے معیار کے لحاظ سے کم ہیں۔

دوسری جانب سوریا کمار یادیو کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، حالانکہ ان کی فارم پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ وہ گزشتہ 22 اننگز میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں، لیکن سلیکٹرز نے ان پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے۔ اجیت اگرکر نے کہا کہ ٹیم کو اپنے کپتان پر بھروسہ ہے اور امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کو بہترین کارکردگی فراہم کریں گے۔

سوریا کمار یادیو نے اپنی خراب فارم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت کافی طویل ہو چکا ہے، لیکن وہ جانتے ہیں کہ اسے کیسے بہتر بنایا جائے اور ورلڈ کپ سے پہلے اپنی بیٹنگ پر محنت کریں گے۔

آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایشان کشن نے آخری بار 2023 میں بھارت کی نمائندگی کی تھی۔

یہی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچز کی ہوم سیریز بھی کھیلے گی جو ورلڈ کپ سے قبل بھارت کی آخری بین الاقوامی سیریز ہو گی۔ واضح رہے کہ یہ ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو گا اور بھارت اس ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

بھارتی اسکواڈ میں سوریا کمار یادیو بطور کپتان، ابھشیک شرما، سنجو سیمسن وکٹ کیپر، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل نائب کپتان، رنکو سنگھ، جسپریت بمراہ، ہرشیت رانا، ارشدِیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ورن چکرورتی، واشنگٹن سندر اور ایشان کشن وکٹ کیپر شامل ہیں۔