کولمبو:ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلہ بغیر کسی شکست کے ختم کیا۔ یہ میچ آر پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں جمعہ کے روز کھیلا گیا۔
آخری تین اوورز میں 43 رنز درکار تھے اور ول جیکس جدوجہد کر رہے تھے۔ ٹام بینٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد ریحان احمد کریز پر آئے۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر نے 18 واں اوور گلین فلپس کو دیا۔ احمد نے دوسری گیند پر چھکا لگایا اور پھر سنگل لیا۔ اس کے بعد ول جیکس نے مسلسل تین چوکے لگا کر اوور میں 22 رنز بنا دیے۔
اب 21 رنز درکار تھے اور سینٹنر نے اگلا اوور کیا۔ جیکس اور احمد نے دو باونڈری کی مدد سے اس اوور میں 16 رنز حاصل کیے۔ آخری اوور میں صرف 5 رنز چاہیے تھے اور ول جیکس نے فاتحانہ رنز بنا کر ٹیم کو ایک اور فتح دلائی۔ انہیں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا ایوارڈ تھا۔ وہ 2012 ایڈیشن میں شین واٹسن کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے دوسرے اوور تک فل سالٹ 2 اور جوس بٹلر 0 کی وکٹیں گنوا دیں۔ ہیری بروک نے تیسرے نمبر پر آ کر 24 گیندوں پر 26 رنز بنائے جن میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ جیکب بیتھل نے 21 رنز کا اضافہ کیا جبکہ ٹام بینٹن 24 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آخر میں ریحان احمد 7 گیندوں پر 19 اور ول جیکس کی جارحانہ بیٹنگ نے ڈرامائی فتح یقینی بنائی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گلین فلپس لاکی فرگوسن اور میٹ ہنری نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس جیت کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہا۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ہفتہ کے میچ میں سری لنکا کے خلاف بڑے مارجن سے جیت درکار ہے۔ گرین شرٹس کو یا تو 64 رنز سے زیادہ کے فرق سے جیتنا ہوگا یا ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔ اوپنرز فن ایلن اور ٹم سیفرٹ نے تیز آغاز کیا اور چھٹے اوور تک اسکور 54 بنا دیا۔ ساتویں اوور کی آخری گیند پر عادل رشید نے 64 رنز کی شراکت توڑتے ہوئے سیفرٹ کو 25 گیندوں پر 35 رنز پر آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں ول جیکس نے فن ایلن کو 19 گیندوں پر 29 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
درمیانی اوورز میں انگلینڈ کے بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں لے کر میچ پر گرفت مضبوط کی۔ ریحان احمد نے راچن رویندرا کو 11 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ عادل رشید نے مارک چیپ مین کی وکٹ حاصل کی۔ لیام ڈاسن نے ڈیرل مچل کو صرف 3 رنز پر آؤٹ کیا۔ ول جیکس نے گلین فلپس کو 29 رنز پر بولڈ کر دیا جس کے بعد کیویز 142 پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھے۔ آخر میں کول میک کونچی کے 14 رنز کی بدولت ٹیم 159 پر پہنچی۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن 1 وکٹ عادل رشید 2 وکٹ ول جیکس 2 وکٹ اور ریحان احمد 2 وکٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ مختصر اسکور نیوزی لینڈ 159 برائے 7 انگلینڈ 161 برائے 6۔