بمراہ نے 500 بین الاقوامی وکٹوں سے تین قدم دور

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-02-2026
 بمراہ نے 500 بین الاقوامی وکٹوں سے تین قدم دور
بمراہ نے 500 بین الاقوامی وکٹوں سے تین قدم دور

 



چنئی: ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اب بین الاقوامی کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل کرنے سے صرف تین وکٹ دور ہیں اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے آٹھویں ہندوستانی بولر بن سکتے ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں زمبابوے کے خلاف میچ میں بمراہ کی چار اوور کی اسپیل ٹیم کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے خاص طور پر اس وقت جب جنوبی افریقہ کے خلاف 76 رن کی شکست کے بعد ٹیم کا نیٹ رن ریٹ منفی ہو چکا ہے۔

اب تک 232 بین الاقوامی میچوں میں بمراہ 20.56 کی اوسط سے 497 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی بہترین بولنگ 6 وکٹ کے بدلے 19 رن ہے جبکہ وہ 13 مرتبہ چار وکٹ اور 18 مرتبہ پانچ وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

موجودہ ٹورنامنٹ میں بھی بمراہ کی بولنگ نہایت مؤثر رہی ہے۔ چار میچوں میں انہوں نے 9.85 کی اوسط اور 5.30 کی شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ سات وکٹیں حاصل کی ہیں جو بیٹنگ کے لیے سازگار فارمیٹ میں ایک غیر معمولی کارکردگی مانی جا رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ میچ میں ان کا بہترین اسپیل 3 وکٹ کے بدلے 15 رن رہا۔

اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہندوستان کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بھی بن گئے ہیں جن کے نام اب 33 وکٹیں درج ہیں۔ اب شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا بمراہ اپنی یارکر بولنگ کے ذریعے اگلے میچ میں 500 وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کر پاتے ہیں یا نہیں۔