سلطان اذلان شاہ کپ: جرارج کی شاندار کارکردگی، ہندوستان کی کینیڈا کے خلاف 14-3 کی بڑی جیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-11-2025
سلطان اذلان شاہ کپ: جرارج کی شاندار کارکردگی، ہندوستان کی کینیڈا کے خلاف 14-3 کی بڑی جیت
سلطان اذلان شاہ کپ: جرارج کی شاندار کارکردگی، ہندوستان کی کینیڈا کے خلاف 14-3 کی بڑی جیت

 



ایپو (ملائیشیا)،: سلطان اذلان شاہ کپ میں ہندوستان نے کینیڈا کو 14-3 سے با آسانی شکست دے کر پول میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس سے پہلے ہندوستان صرف بیلجیم سے ایک گول کے فرق سے ہارا تھا، اور نیوزی لینڈ کے خلاف 3-2 کی زبردست جیت نے ٹیم کا حوصلہ مزید بڑھا دیا تھا۔

میچ کی شروعات ہی دھماکیدار رہی۔ چوتھے منٹ میں نیلاکنٹا شرما نے پہلا گول داغا، اور دس منٹ میں راجیندر سنگھ نے دوسرا گول کر دیا۔ کینیڈا نے بھی پلٹ کر جواب دیا اور ایک پی سی سے برینڈن گُرالِیوک نے گیارہویں منٹ میں گول کر دیا۔ لیکن ہندوستان رکا نہیں۔ بارہویں منٹ میں جرارج سنگھ نے، اور پندرہویں منٹ میں امیت روہیداس نے مزید گول کر دیے، یوں پہلا کوارٹر 1-4 پر ختم ہوا۔

دوسرے کوارٹر میں ہندوستان پوری رفتار سے آگے بڑھا۔ نوجوان کھلاڑی، جن پر اس بار ذمہ داری زیادہ تھی، دباؤ اچھے سے سنبھالتے رہے۔ اس دوران تین مزید گول ہوئے—راجیندر سنگھ (24ویں منٹ)، دِلپریت سنگھ (25ویں منٹ) اور پھر جرارج نے اپنا دوسرا گول (26ویں منٹ) کیا۔ اس وقت تک اسکور 1-7 ہو چکا تھا۔

تیسرے کوارٹر میں کینیڈا نے اپنی حکمتِ عملی بدلی اور 35ویں منٹ میں انہیں پینلٹی اسٹروک ملا جسے میتھیو سارمینٹو نے گول میں بدل دیا۔ ادھر جرارج نے 39ویں منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور سیلوَم کارتھی نے 43ویں منٹ میں ایک اور گول کر دیا۔ اس طرح ہندوستان 2-9 کی بڑی برتری میں تھا۔

آخری کوارٹر میں تو جیسے گولوں کی بارش ہوگئی۔ 46ویں منٹ میں امیت روہیداس نے پی سی پر گول کیا، پھر 50ویں منٹ میں جرارج نے پینلٹی اسٹروک پر ایک اور گول داغا۔ کینیڈا نے بھی ایک پی سی پر جوتسورپ سدھو کے ذریعے گول کیا۔ آخر میں سنجے نے 56ویں منٹ میں پینلٹی اسٹروک پر اسکور بڑھایا، اور ابھیشیک نے 57ویں اور 59ویں منٹ میں دو شاندار گول کر کے میچ کا اختتام ہندوستان کی زبردست 14-3 جیت پر کیا