پاکستانی کرکٹرز کی سکیورٹی میں اضافہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2021
سری لنکا :پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی سکیورٹی میں اضافہ
سری لنکا :پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی سکیورٹی میں اضافہ

 

 

 کولبو : پاکستان میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی توہین مذہب کے الزام میں ہلاکت کے بعد سری لنکا نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شریک بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 سری لنکا کرکٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان میں قتل ہونے والے فیکٹری ورکر کے واقعے پر سری لنکن عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے جس کے پیش نظر اضافی حفاظتی اقدامات لیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ درجنوں پاکستانی کھلاڑی لنکا پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کی غرض سے دارالحکومت کولمبو میں موجود ہیں جن میں شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔

 عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کی ہی نہیں بلکہ لنکا پریمیئر لیگ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

پانچ ٹیموں پر مبنی لنکا پریمیئر لیگ کا آغاز اتوار کو ہوا تھا جو 23 دسمبر تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ سیالکوٹ میں ایک نجی فیکٹری میں کام کرنے والے سری لنکن اہلکار کو توہین مذہب کے الزام میں جمعے کو تشدد کر کے قتل کیا گیا اور آگ لگا دی گئی تھی۔ پریانتھا کمارا کی لاش سری لنکن ایئرلائن کی پرواز سے کولمبو ایئر پورٹ پہنچا دی گئی ہے۔