 
                                 
آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے جمیما کی اس تاریخی اننگز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "جمیما نے وہی کیا جو کپِل دیو نے برسوں پہلے کیا تھا۔" دھومل کے مطابق جمیما کی اننگز دراصل کپِل دیو کی مشہور 175 رنز کی اننگز کی بازگشت تھی جو 1983 میں زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی تھی اور بدقسمتی سے ٹیلی کاسٹ نہیں ہو سکی تھی۔
جمعرات کو ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے 338 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا۔ جواب میں ہندوستان نے ناقابلِ یقین کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف حاصل کر لیا، جو ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب بن گیا۔
ابتدا میں جب سمرتی مندھنا (24) اور شفالی ورما (10) جلد آؤٹ ہو گئیں تو ٹیم مشکل میں آ گئی تھی، لیکن جمیما نے کپتانی کا دم خم دکھانے والی ہارمن پریت کور (89)، دیپتی شرما (24) اور رچا گھوش (26) کے ساتھ مل کر شاندار شراکتیں قائم کیں۔
دھومل نے کہا، “جمیما نے جس انداز میں بیٹنگ کی، وہ دیکھ کر ایسا لگا جیسے ہم 1983 کا لمحہ دوبارہ جی رہے ہوں۔ اُس وقت کپِل دیو نے ناممکن کو ممکن بنایا تھا، اور اب جمیما نے بھی وہی کر دکھایا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اُس وقت وہ اننگز نشر نہیں ہوئی تھی، مگر خوش قسمتی سے جمیما کی اننگز کو پوری دنیا نے دیکھا۔”
جمیما کا یہ کارنامہ اس لیے بھی قابلِ ذکر ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں اچھی فارم میں نہیں تھیں۔ ابتدائی چار میچوں میں ان کے اسکور تھے: 0، 32، 0، اور 33۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں انہیں ڈراپ بھی کر دیا گیا تھا۔ لیکن سیمی فائنل میں واپسی کرتے ہی انہوں نے نہ صرف ٹیم کو فائنل میں پہنچایا بلکہ اپنے نقادوں کو خاموش کر دیا۔
دھومل نے مزید کہا، “پوری دنیا نے دیکھا کہ جب ٹیم مشکل میں تھی تو جمیما نے کس حوصلے اور عزم کے ساتھ کھیلا۔ یہ اننگز اس ٹورنامنٹ کی سب سے یادگار اور شاندار اننگز ہے۔”
ہندوستان اب آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکا ہے اور اب اتوار کو نوی ممبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اترے گا۔
 
                            