ڈھاکہ: پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 400 وکٹ مکمل کر لیے۔ اس کے ساتھ ہی وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹ لینے والے پہلے پاکستانی بولر بھی بن گئے۔
شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں شاہین آفریدی نے بنگلہ دیشی بلے باز مومن الحق کو آؤٹ کر کے یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ وہ مجموعی طور پر پاکستان کے نویں جبکہ تیز بولروں میں چھٹے پاکستانی بولر بن گئے جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹ حاصل کیے۔
صرف 26 سال کی عمر میں شاہین آفریدی نے اپنے 211 ویں بین الاقوامی میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ وہ اب پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹ لینے والے بولروں کی فہرست میں نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں لینے والوں میں وسیم اکرم 916 وکٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ان کے بعد وقار یونس 789 اور عمران خان 544 وکٹ کے ساتھ موجود ہیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں
وسیم اکرم — 916
وقار یونس — 789
عمران خان — 544
شاہد آفریدی — 538
ثقلین مشتاق — 496
سعید اجمل — 447
شعیب اختر — 438
عمر گل — 427
شاہین آفریدی — 400
شاہین آفریدی اب تک 74 ون ڈے میچوں میں 139 جبکہ 103 ٹی20 بین الاقوامی مقابلوں میں 136 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ مسلسل پاکستان کے اہم ترین بولر کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
اس سے قبل اسی ٹیسٹ میچ میں شاہین آفریدی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹ مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بھی بنے۔ اب وہ 103 وکٹ کے ساتھ پاکستان کی جانب سے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں
شاہین آفریدی — 103
نعمان علی — 89
ساجد خان — 63
نسیم شاہ — 60
ابرار احمد — 46
یاسر شاہ — 41
حسن علی — 35
محمد عباس — 34
اگرچہ شاہین آفریدی نے تاریخی کارنامہ انجام دیا لیکن میچ میں بنگلہ دیش کی پوزیشن مضبوط رہی۔ مہدی حسن مرزا کی پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں برتری حاصل کی اور چوتھے دن کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 152 رن بنا کر مجموعی برتری 179 رن تک پہنچا دی۔بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو 58 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔