نئی دہلی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی جگہ اب اسکاٹ لینڈ حصہ لے گا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا۔ بنگلہ دیش نے اپنے میچ بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے آئی سی سی نے کسی قابل اعتماد یا قابل تصدیق سکیورٹی خطرے کے ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر مسترد کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق بزنس کارپوریشن بورڈ نے بنگلہ دیش کو چوبیس گھنٹے میں اپنی شرکت کی تصدیق کرنے کو کہا تھا لیکن مقررہ وقت میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس کے بعد آئی سی سی نے اپنے ضابطوں کے مطابق متبادل ٹیم منتخب کرنے کا عمل شروع کیا۔ آئی سی سی نے تین ہفتوں تک بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ شفاف اور تعمیری بات چیت کی اور اندرونی و بیرونی ماہرین سے سکیورٹی جائزہ بھی لیا۔ ان جائزوں میں یہ نتیجہ نکلا کہ بھارت میں بنگلہ دیش ٹیم یا شائقین کو کوئی قابل تصدیق خطرہ نہیں ہے۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کی حرمت برقرار رکھنا تمام ٹیموں اور شائقین کے مفاد میں ہے اور اس میں تبدیلی سے غیر جانبداری متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا کہ شیڈول تبدیل نہیں ہوگا۔ بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں چودھویں نمبر پر ہے اور ٹورنامنٹ کے لیے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے والی سب سے اعلیٰ درجہ بندی والی ٹیم ہے۔