کولکاتا ۔ ہندوستانی بلے باز سنجو سیمسن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہدف کے کامیاب تعاقب کے دوران ہندوستان کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور بنا کر وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
سنجو نے یہ کارنامہ کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک اہم مقابلے میں انجام دیا جو عملی طور پر کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا تھا۔ انہوں نے 50 گیندوں پر 97 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اس طرح انہوں نے وراٹ کوہلی کے 82 ناٹ آؤٹ کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا جو انہوں نے 2016 میں آسٹریلیا کے خلاف موہالی میں اور 2022 میں پاکستان کے خلاف میلبورن میں بنایا تھا۔
سنجو نے آئی پی ایل اور بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میں ہدف کے تعاقب کے دوران 29 مرتبہ اوپننگ کی ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب وہ آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان کا سب سے بڑا کامیاب ہدف بھی ہے جس نے 2014 میں میرپور میں جنوبی افریقہ کے خلاف 173 رنز کے تعاقب کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مشترکہ طور پر چھٹی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور اس طرح پاکستان اور انگلینڈ کے برابر آ گیا۔
سنجو کی یہ اننگز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی دوسری سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس سے قبل سریش رائنا نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 101 رنز بنا کر سب سے بڑی ہندوستانی اننگز کھیلی تھی۔
میچ کی بات کریں تو ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ روسٹن چیز نے 25 گیندوں پر 40 اور کپتان شائی ہوپ نے 33 گیندوں پر 32 رنز بنا کر پہلی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم 14 اعشاریہ ایک اوور میں 119 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ شمرون ہیٹ مائر نے 12 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ بعد میں جیسن ہولڈر نے 22 گیندوں پر 37 ناٹ آؤٹ اور پاول نے 19 گیندوں پر 34 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر 35 گیندوں پر 76 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو 20 اوور میں 195 رنز تک پہنچایا۔
ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 اوور میں 36 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ورون چکرورتی اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے پاور پلے میں 41 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد سنجو اور سوریہ کمار یادو کے درمیان 58 رنز کی شراکت نے میچ کو سنبھالا۔ سنجو نے تلک ورما ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کرتے ہوئے ہندوستان کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی اور ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔