راجستھان کے خلاف چنئی کے لئے سنجو سیمسن کی موجودگی بڑا فائدہ ہوگی: عرفان پٹھان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-03-2026
راجستھان کے خلاف چنئی کے لئے سنجو سیمسن کی موجودگی بڑا فائدہ ہوگی: عرفان پٹھان
راجستھان کے خلاف چنئی کے لئے سنجو سیمسن کی موجودگی بڑا فائدہ ہوگی: عرفان پٹھان

 



ممبئی:ہندوستان کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ حال ہی میں عالمی ٹونٹی ٹونٹی کپ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے سنجو سیمسن کی موجودگی چنئی سپر کنگس کے لئے راجستھان رائلز کے خلاف پہلے مقابلے میں بڑا فائدہ ثابت ہوگی کیونکہ انہیں اس ٹیم کے بارے میں اندرونی معلومات حاصل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سنجو سیمسن اس سے پہلے راجستھان رائلز کا حصہ رہ چکے ہیں اس لئے وہ اس ٹیم کے انداز کھیل کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ ان کے مطابق سیمسن کی موجودگی چنئی کے لئے خاصی اہم ہوگی کیونکہ وہ بتا سکتے ہیں کہ راجستھان کی ٹیم ابتدائی اوورز میں کس حکمت عملی سے کھیلتی ہے درمیانی اوورز میں اس کا انداز کیا ہوتا ہے اور گیند بازی کے دوران اس کی سوچ کیا ہوتی ہے۔

عرفان پٹھان نے کہا کہ راجستھان رائلز کے زیادہ تر نوجوان کھلاڑی سنجو سیمسن کے ساتھ کھیل چکے ہیں یا ان کی قیادت میں میدان میں اترے ہیں اس لئے ان کا تجربہ چنئی کے لئے بڑی طاقت بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ٹونٹی ٹونٹی کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد سیمسن اچھی فارم میں ہیں اور گوہاٹی کے میدان کا تجربہ بھی پہلے مقابلے میں ان کے کام آئے گا۔

سنجو سیمسن ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک راجستھان رائلز کا اہم چہرہ رہے ہیں۔ انہوں نے اس ٹیم کی جانب سے 11 سیزن کھیلے۔ 2013 میں ٹیم سے جڑنے کے بعد وہ جلد ہی اہم کھلاڑی بن گئے اور صرف 19 سال کی عمر میں انہیں برقرار رکھا گیا۔

2016 اور 2017 میں ٹیم کی معطلی کے بعد سیمسن 2018 میں دوبارہ راجستھان رائلز سے وابستہ ہوئے اور 2021 میں انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی۔ ان کی قیادت اور ٹیم کے ڈائریکٹر کمار سنگاکارا کی رہنمائی میں راجستھان رائلز 2022 میں فائنل تک پہنچی جو 2008 کے بعد پہلی بار تھا۔

بطور کپتان سنجو سیمسن نے 67 مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی جن میں 33 میں کامیابی اور 33 میں شکست ہوئی۔ 2024 میں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 531 رنز بنائے۔

عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ ابتدائی 20 مقابلوں میں سب سے بڑا مقابلہ ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان ہوگا جو 12 اپریل کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ ان کے مطابق اس مقابلے میں شائقین سے بھرا ہوا میدان ہوگا اور بہترین بلے بازی اور گیند بازی دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مقابلے میں بڑے کھلاڑی میدان میں ہوں گے جن میں روہت شرما اور ویرات کوہلی شامل ہیں اور شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ادھر ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے 2026 کے پہلے مرحلے کے مقابلوں کا پروگرام جاری کیا ہے۔ یہ مقابلے 28 مارچ سے 12 اپریل 2026 تک کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز اس وقت ہوگا جب دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 20 مقابلے بنگلورو ممبئی گوہاٹی نیو چندی گڑھ لکھنؤ کولکاتا چنئی دہلی احمد آباد اور حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے۔