افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز، روہت شرما کی شرکت مشکوک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2026
افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز، روہت شرما کی شرکت مشکوک
افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز، روہت شرما کی شرکت مشکوک

 



ممبئی: افغانستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے کیونکہ سابق کپتان روہت شرما کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق روہت شرما ہیم اسٹرنگ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے ہیں اور ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔39 سالہ روہت شرما کو اگرچہ افغانستان کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن ان کے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ طبی معائنے اور فٹنس رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔ روہت کو آئی پی ایل کے دوران بھی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث چند میچوں سے باہر رہنا پڑا تھا۔

روہت شرما نے رواں آئی پی ایل سیزن میں 9 میچوں میں 283 رنز بنائے۔ انہوں نے 35.37 کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 84 رنز رہا۔روہت اب صرف ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جبکہ مئی 2025 میں ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔

ون ڈے کپتان کی حیثیت سے ان کی آخری بڑی کامیابی مارچ 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنا تھی۔ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی 76 رنز کی اننگز نے ہندوستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔گزشتہ سال روہت شرما نے 14 ون ڈے میچوں میں 650 رنز بنائے تھے اور وہ ہندوستان کے دوسرے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ تاہم رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی آخری ون ڈے سیریز میں وہ 3 اننگز میں صرف 61 رنز بنا سکے تھے۔

دریں اثنا، اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی بھی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ کوہلی کو آئی پی ایل فائنل کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہندوستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 13 جون سے شروع ہوگی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان نیو چندی گڑھ میں ایک واحد ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ وراٹ کوہلی کی عدم موجودگی اور روہت شرما کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ہندوستانی ٹیم کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔