وشاکھاپٹنم :ہندوستان اوپنر روہت شرما نے بین الاقوامی کرکٹ میں بیس ہزار رنز مکمل کر کے ملک کے چوتھے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ان سے قبل سچن تندولکر ویرات کوہلی اور راہول دراوڑ یہ مقام حاصل کر چکے ہیں۔ روہت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اڑسٹھ گیندوں پر پچھتر رنز بنائے۔ اس اننگز میں انہوں نے سات چوکے اور تین چھکے لگائے۔ وہ حالیہ دنوں میں مسلسل ففٹی پلس اننگز کھیل رہے ہیں اور چھ تازہ ترین ون ڈے میچوں میں چار بار پچاس سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔
روہت نے اب تک پانچ سو پانچ بین الاقوامی میچوں میں بیس ہزار اڑتالیس رنز بنائے ہیں۔ ان کا اوسط بیالیس اعشاریہ سینتالیس ہے اور اسٹرائیک ریٹ ستاسی سے زائد ہے۔ وہ پچاس سنچریاں اور ایک سو گیارہ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ ون ڈے ان کا سب سے کامیاب فارمیٹ ہے جس میں وہ دو سو اناسی میچ کھیل کر گیارہ ہزار پانچ سو سولہ رنز بنا چکے ہیں اور ان کا بہترین اسکور دو سو چونسٹھ ناٹ آؤٹ ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں وہ چار ہزار دو سو اکتیس رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور ایک سو اکیس ناٹ آؤٹ ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں وہ چھیاسٹھ میچوں میں چار ہزار تین سو ایک رنز بنا چکے ہیں اور اس فارمیٹ میں بھی بارہ سنچریاں اور اٹھارہ نصف سنچریاں ان کے نام ہیں۔
اس سال ون ڈے میں انہوں نے چودہ اننگز میں چھ سو پچاس رنز بنائے ہیں جس میں دو سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بہترین اسکور ایک سو اکیس ناٹ آؤٹ رہا ہے۔
میچ کی بات کریں تو بھارت نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پروٹیز کی پہلی وکٹ صفر پر گری لیکن پھر کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے ایک سو تیرہ رنز کی شراکت قائم کی۔ کوک نے شاندار سنچری اسکور کی۔ تاہم پرسدھ کرشنا اور کلدیپ یادو کی عمدہ بولنگ نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو دو سو ستر رنز پر آؤٹ کر دیا۔ بھارت ہدف کے تعاقب میں مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے اور سیریز دو ایک سے جیتنے کے قریب ہے۔