گال۔ ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 چھکے مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ہندوستانی اور دنیا کے مجموعی طور پر چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔پنت نے سری لنکا کے خلاف گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران یہ سنگ میل حاصل کیا۔ انہوں نے 69 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 95 سے زیادہ رہا۔
پنت کے نام اب ٹیسٹ کرکٹ میں ٹھیک 100 چھکے ہو گئے ہیں۔ ان سے آگے نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم 107 چھکوں کے ساتھ اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس 138 چھکوں کے ساتھ موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ بھی 100 چھکوں کے ساتھ پنت کے برابر ہیں۔
پنت نے صرف 4,918 گیندوں میں 100 چھکے مکمل کیے جو اس فہرست میں سب سے کم گیندوں کا ریکارڈ ہے۔ گلکرسٹ نے یہ سنگ میل 6,578 گیندوں میں حاصل کیا تھا۔ پنت کے ہر چھکے کے لیے اوسطاً 49.2 گیندیں ہیں جو 100 یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں میں بہترین شرح ہے۔
پنت ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے کے لیے بھی کوشاں تھے لیکن 66 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ رواں سال 2 ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں انہوں نے 186 رنز بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 81 رنز ہے جبکہ اسٹرائیک ریٹ 73.80 ہے۔ پنت نے گزشتہ سال لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف مسلسل 2سنچریاں بنانے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری نہیں بنائی ہے۔
میچ کی صورتحال کی بات کی جائے تو ہندوستان نے اپنی 6 وکٹیں گنوا دی ہیں جبکہ اس کی مجموعی برتری 350 رنز سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 462 رنز بنانے کے بعد سری لنکا نے پہلی اننگز میں 284 رنز بنائے اور ہندوستان کو 178 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی۔سری لنکا کی جانب سے سونل دینوشا نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔ انہوں نے وکٹ کیپر بلے باز نروشن ڈکویلا کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 146 رنز کی شراکت قائم کی اور ہندوستانی بولروں کو کافی دیر تک روکے رکھا۔
تاہم تیز گیند باز پرسدھ کرشنا نے 62ویں اوور میں ڈکویلا کو 80 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ دینوشا نے اپنی سنچری مکمل کی لیکن سری لنکا کو بڑا اسکور بنانے کا موقع نہیں مل سکا۔ سوتھر نے 4 وکٹیں 76 رنز دے کر حاصل کیں جبکہ رویندر جڈیجا نے 3 وکٹیں 57 رنز کے عوض حاصل کیں۔