کارڈف۔ ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم 300 سے 310 رنز کا مجموعہ بنانے کی پوزیشن میں تھی لیکن درمیانی اوورز میں مسلسل وکٹیں گنوانے کے باعث یہ موقع ضائع ہو گیا۔ صوفیہ گارڈنز کارڈف میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے 234 رنز کا ہدف 6 اوور باقی رہتے ہوئے 4 وکٹوں سے حاصل کر لیا۔ جو روٹ نے ناقابل شکست 99 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کو کامیابی دلائی اور سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
میچ کے بعد شبھمن گل نے کہا کہ 25 اوورز کے بعد ٹیم مضبوط پوزیشن میں تھی اور اس وقت 300 سے 310 رنز کا مجموعہ مناسب نظر آ رہا تھا لیکن درمیانی اوورز میں بہت زیادہ وکٹیں گر گئیں۔
انہوں نے کہا کہ دم والے بلے بازوں سے زیادہ توقع نہیں کی جا سکتی لیکن نچلے مڈل آرڈر سے بہتر کارکردگی کی امید تھی۔ ان کے مطابق ان بلے بازوں نے اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کیا۔
جو روٹ کی تعریف کرتے ہوئے شبھمن گل نے کہا کہ اگر مطلوبہ رن ریٹ 5 یا اس سے زیادہ ہوتا تو شاید ان سے غلط شاٹ کھیلوایا جا سکتا تھا لیکن اس نوعیت کے ہدف کا تعاقب کرنے میں وہ ماہر ہیں اور انہیں آؤٹ کرنا آسان نہیں ہوتا۔
234 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ابتدا خراب رہی۔ جسپریت بمراہ نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر بین ڈکٹ کو آؤٹ کر دیا جبکہ پرسدھ کرشنا نے جلد ہی جیکب بیتھل کی وکٹ حاصل کر کے انگلینڈ کا اسکور 3.4 اوورز میں 2 وکٹ پر 8 رنز کر دیا۔
اس کے بعد جو روٹ نے کپتان ہیری بروک کے ساتھ 45 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔ بروک 16 رنز بنا کر اپنے پہلے ایک روزہ میچ کھیلنے والے گورنور برار کا شکار بنے۔
شیوم دوبے اور اکشر پٹیل نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی جس کے بعد انگلینڈ 25.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر 125 رنز تک محدود ہو گیا اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ ہندوستان میچ پر گرفت مضبوط کر لے گا۔
تاہم جو روٹ نے ول جیکس کے ساتھ 72 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔ جیکس نے 30 رنز بنائے جبکہ روٹ نے مسلسل پانچویں ایک روزہ نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچا دیا۔
40 ویں اوور میں ول جیکس آؤٹ ہوئے تو گس ایٹکنسن نے ناقابل شکست 23 رنز بنا کر روٹ کا ساتھ دیا۔ روٹ صرف ایک رن سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 133 گیندوں پر 99 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایٹکنسن کے چوکے کے ساتھ انگلینڈ نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
ہندوستان کی جانب سے گورنور برار نے 2 وکٹیں حاصل کیں لیکن انہوں نے 10 اوورز میں 67 رنز بھی دیے۔ جسپریت بمراہ۔ پرسدھ کرشنا۔ شیوم دوبے اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے گیند بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 44 اوورز میں 233 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔ وراٹ کوہلی نے 65 اور شریاس ایئر نے 66 رنز بنائے جبکہ روہت شرما نے 26 اور شبھمن گل نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔ کے ایل راہل کی جگہ ٹیم میں شامل ایشان کشن صرف ایک رن بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور گس ایٹکنسن نے 3۔3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب محمود نے واپسی میچ میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اب تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور فیصلہ کن مقابلہ 19 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔