فٹ بال ورلڈ کپ: کروشیا نے مراکش کوایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-12-2022
 فٹ بال ورلڈ کپ: کروشیا نے مراکش کوایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا
فٹ بال ورلڈ کپ: کروشیا نے مراکش کوایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا

 

 

دوحہ: قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے لیے مراکش اور کروشیا کے درمیان میچ خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ کروشیا نے مراکش کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ میچ کا پہلا گول کروشیا کے جوسکو گوارڈیول نے میچ کے ساتویں منٹ میں کیا۔ تاہم مراکش کے اشرف داری نے دو منٹ بعد گول کرکے سکور برابر کر دیا

پہلے ہاف کے احتتام سے پہلے کروشیا کے آرسک نے گول کرکے کروشیا کو پھر برتری دلادی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں کروشیا اور مراکش کے کوچز نے ان کھلاڑیوں کو مواقع دیے جن کو ٹورنامنٹ کے دوران بنچ پر بٹھایا گیا تھا مراکش کپتان رومین سائیس کے بغیر میدان میں اترا جنہوں نے فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں صرف 21 منٹ کا کھیل کھیلا تھا جس کے بعد ان کو تبدیل کر دیا گیا تھا۔

مراکش کے کوچ ولید ریگراگی کے مطابق سیمی فائنل میں رومین سائیس کو کھلانے کا خطرہ مول لینا درست تھا لیکن پلے آف کے لیے خطرہ نہیں لے سکتے۔ ’ہم خطرہ نہیں مول لیں گے خاص کر سائیس کے حوالے سے۔ وہ میچ کے لیے ان فٹ قرار دیے گئے ہیں۔‘

دوسری جانب کینیڈا سے مراکش کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے قطر کا سفر کرنے والے 45 سالہ ہدیٰ کا کہنا تھا ’مراکش کی ٹیم جیت کی مستحق ہے۔‘ ہدیٰ نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ ’جو کچھ مراکش کی ٹیم نے اب تک حاصل کیا ہے وہ زبردست ہے۔ وہ پہلے سے ہی چیمپئن بن چکے ہیں۔ میں ان کو سپورٹ کرنے آئی ہوں۔ جس طرح انہوں نے فلسطین کو سپورٹ کیا یہ ناقابل یقین ہے۔ آج کی رات ان کو جیتنا چاہیے۔ وہ جیت کے مستحق ہیں اور ہم سب اس جیت کے مستحق ہیں۔‘

کروشیا اور مراکش کا یہ اس ورلڈ کپ میں دوسرا ٹاکرا ہے۔ کروشیا اور مراکش ایک ہی گروپ میں تھے اور دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ میچ بغیر کسی سکور کے برابر رہا تھا۔