لاہور:لاہور قلندرز نے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی پر ہوٹل سیکیورٹی کی خلاف ورزی کے الزام میں 1 ملین پاکستانی روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔یہ کارروائی اس واقعے کے بعد کی گئی جس میں پنجاب پولیس نے الزام لگایا کہ شاہین آفریدی نے ٹیم ہوٹل میں سیکیورٹی اصولوں کی خلاف ورزی کی
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق لاہور قلندرز نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جرمانہ ٹیم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور جوابدہی یقینی بنانے کے لیے عائد کیا گیا ہے جبکہ اسی معاملے میں سکندر رضا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی
رپورٹ کے مطابق شاہین آفریدی اور سکندر رضا پر الزام تھا کہ چار غیر مجاز افراد کو ٹیم کے ہوٹل کے کمرے میں داخل ہونے دیا گیا ۔ پنجاب پولیس کی جانب سے پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کو ایک خط بھیجا گیا جس میں کہا گیا کہ ان افراد کو زبردستی آل راؤنڈر کے کمرے تک لے جایا گیا جہاں وہ تقریباً 3 گھنٹے تک موجود رہے
ایک ڈپٹی پولیس انسپکٹر نے اپنے خط میں دعویٰ کیا کہ شاہین آفریدی اور سکندر رضا نے سیکیورٹی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہفتہ کی رات ان افراد کو کھلاڑی کے کمرے تک پہنچایا۔دوسری جانب سکندر رضا نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ افراد ان کے قریبی دوست اور اہل خانہ تھے اور شاہین آفریدی نے صرف ان کی درخواست پر مدد کی
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ضابطے تھے کہ مہمانوں کو کمروں میں آنے کی اجازت نہیں تو انہیں اس کی مکمل معلومات نہیں تھی اور کسی حد تک شاہین کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔سکندر رضا کے مطابق اصل ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے نہ کہ شاہین آفریدی پر کیونکہ وہی اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے ملنا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے شاہین نے ان کی مدد کی