ڈارون۔ بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمٰن نے اتوار کو ویڈیو رابطے کے ذریعے مردوں کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔ بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ کی بڑی اپ سیٹ کامیابیوں میں سے ایک رقم کرتے ہوئے نجم الحسین شانتو کی قیادت میں آسٹریلیا کو ڈارون میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ جیتنے والی بھارت اور پاکستان کے بعد تیسری ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ کی جانب سے ایکس پر جاری کی گئی ویڈیو میں بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اور ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس شکست کے ساتھ آسٹریلیا کو اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی اور دو میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم نے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ بنگلہ دیش کی یہ آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے۔
میچ کی بات کی جائے تو آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا جبکہ دوسری اننگز میں 284 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کے سامنے 57 رنز کا ہدف رکھا۔ مہمان ٹیم نے یہ ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ مومن الحق 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شادمان اسلام نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش نے فتح کی بنیاد پہلی اننگز میں 426 رنز کا مضبوط مجموعہ بنا کر رکھی۔ تنزید حسن نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کرتے ہوئے سب سے زیادہ 101 رنز بنائے جبکہ نجم الحسین شانتو نے 84 اور مہدی حسن میراز نے اہم 65 رنز کی اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پہلی اننگز میں نمایاں گیند باز رہے۔ انہوں نے 89 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں لیکن پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی بڑی برتری نے میزبان ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔
آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار رہا اور 198 رنز پر آؤٹ ہوگیا۔ اسٹیو اسمتھ نے 71 رنز کی اننگز کے ذریعے مزاحمت کی لیکن حسن محمود نے 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور بنگلہ دیش نے میزبان ٹیم کو کم اسکور پر آؤٹ کردیا۔ عبادت حسین نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں زیادہ مزاحمت دکھائی۔ کیمرون گرین نے 104 رنز بنائے جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 44 رنز کا اضافہ کیا۔ تاہم بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ایک بار پھر اننگز پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔مہدی حسن میراز نے 56 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن محمود نے 66 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں اور آسٹریلیا کو 284 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ (اے این آئی)