وزیرِاعظم مودی کی ویمنز ورلڈ کپ فاتح ٹیم انڈیا سے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-11-2025
وزیرِاعظم مودی کی ویمنز ورلڈ کپ فاتح ٹیم انڈیا سے  ملاقات
وزیرِاعظم مودی کی ویمنز ورلڈ کپ فاتح ٹیم انڈیا سے ملاقات

 



نئی دہلی،: وزیرِاعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اپنی رہائش گاہ لوک کلیان مارگ پر بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی، جس نے حال ہی میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ اپنے نام کیا ہے۔

وزیرِاعظم مودی نے ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے شاندار کم بیک کی تعریف کی، جو انہوں نے لگاتار تین شکستوں اور سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد حاصل کیا۔ کھلاڑیوں نے وزیرِاعظم کو ایک دستخط شدہ جرسی پیش کی جس پر "Namo 1" لکھا ہوا تھا۔ بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کپتان ہرمن پریت کور نے 2017 کی یادیں تازہ کیں جب ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میں شکست کے بعد وزیرِاعظم سے ٹرافی کے بغیر ملاقات کی تھی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس بار ہم ٹرافی کے ساتھ ملنے آئے ہیں، اور امید ہے آئندہ بھی اکثر اس طرح کی ملاقاتیں ہوں گی۔

نائب کپتان سمریتی مندھانا، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 9 اننگز میں 434 رنز بنا کر دوسرا سب سے زیادہ اسکور کرنے والا کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا، نے کہا کہ وزیرِاعظم مودی نے ہمیشہ ٹیم کو حوصلہ دیا ہے اور وہ سب کے لیے ایک تحریک ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج لڑکیاں ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، اور اس میں وزیرِاعظم کی پالیسیوں کا بڑا کردار ہے۔

دیپتی شرما، جنہیں ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی (Player of the Tournament) قرار دیا گیا، نے بتایا کہ وہ وزیرِاعظم سے ملاقات کے لیے بے تاب تھیں۔ انہوں نے 215 رنز اور 22 وکٹیں حاصل کیں، جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں نصف سنچری اور پانچ وکٹیں شامل تھیں۔ دیپتی نے 2017 میں مودی جی کے مشورے کو یاد کیا، جب انہوں نے کہا تھا: “محنت کرتے رہو، خواب ضرور پورے ہوں گے۔”

وزیرِاعظم مودی نے مسکراتے ہوئے دیپتی کے انسٹاگرام پوسٹ کا ذکر کیا، جس میں انہوں نے "جے شری رام" لکھا تھا، اور ان کے بازو پر ہنومان جی کا ٹیٹو بھی دیکھا۔ دیپتی نے کہا کہ یہ ان کے لیے طاقت اور حوصلے کی علامت ہے۔

ہرمن پریت نے وزیرِاعظم سے پوچھا کہ وہ ہمیشہ "حال" میں کیسے رہتے ہیں۔ اس پر مودی نے جواب دیا کہ یہ ان کی عادت اور طرزِ زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔

وزیرِاعظم نے ہارلین دیول کے 2021 میں انگلینڈ کے خلاف لیے گئے مشہور کیچ کا ذکر بھی کیا، جس پر انہوں نے اُس وقت سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہرمن پریت سے فائنل کے بعد بال جیب میں رکھنے کے بارے میں بات کی، جس پر کپتان نے کہا کہ وہ خوش قسمت تھیں کہ بال ان کے پاس آئی، اس لیے انہوں نے اسے سنبھال لیا۔

مودی جی نے امنجوت کور کے اس یادگار کیچ کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارٹ کو آؤٹ کیا۔ امنتجوت نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ وہ "غلطی" ہے جسے وہ بار بار دیکھنا چاہتی ہیں۔ مودی جی نے ہنستے ہوئے کہا، “جب کیچ پکڑو تو گیند کو دیکھو، لیکن کیچ کے بعد ٹرافی کو دیکھو!”

نوجوان فاسٹ بالر کرانتی گوڑ، جنہوں نے آٹھ میچوں میں نو وکٹیں حاصل کیں، نے بتایا کہ ان کے بھائی وزیرِاعظم مودی کے بڑے مداح ہیں، جس پر وزیرِاعظم نے فوراً انہیں ملاقات کی دعوت دے دی۔

آخر میں، مودی جی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ ملک بھر کی لڑکیوں تک فٹ انڈیا کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے موٹاپے کے بڑھتے مسئلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فٹ رہنے کی اہمیت پر زور دیا، اور ٹیم سے کہا کہ وہ اپنے اسکولوں میں جا کر نوجوان طلبہ کو متاثر کریں۔