لندن: سابق آئی پی ایل چیئرمین للت مودی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کرکٹ کا بڑا مداح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی زیادہ تر ملاقاتوں اور بات چیت کا مقصد احمد آباد میں کرکٹ کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی تھا۔لندن میں ایک خصوصی انٹرویو کے دوران للت مودی نے کہا کہ نریندر مودی نے ہمیشہ گجرات میں کرکٹ کی ترقی میں غیر معمولی دلچسپی دکھائی۔ ان کے مطابق احمد آباد میں کرکٹ کے میدانوں اور سہولیات کو بہتر بنانے کے سلسلے میں وزیر اعظم کی دلچسپی نمایاں تھی۔
نریندر مودی اسٹیڈیم کے بارے میں اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے للت مودی نے کہا کہ ان کا مقصد اسٹیڈیم پر تنقید کرنا نہیں تھا بلکہ ہندوستان میں عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اسٹیڈیم اس وقت ہندوستان کا بہترین کرکٹ اسٹیڈیم ہے لیکن مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید جدید اور ہمہ جہت اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جانے چاہئیں۔
للت مودی نے کہا کہ بی سی سی آئی کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہندوستانی کرکٹ کو دنیا کے ممتاز اسٹیڈیموں کے معیار تک پہنچانے کے لیے جرات مندانہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ویمبلے اسٹیڈیم، لارڈز، کیمپ نو، اولڈ ٹریفورڈ اور اتحاد اسٹیڈیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان میدانوں میں شائقین کو سال بھر مختلف سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ ہندوستان کے بڑے اسٹیڈیموں کو صرف میچوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں سال کے 365 دن فعال رہنے والے تفریحی، تجارتی اور سماجی مراکز میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے زیر زمین پارکنگ، فوڈ کورٹس، شاپنگ ایریاز، ریستوران اور جدید سفری سہولیات قائم کی جا سکتی ہیں۔واضح رہے کہ احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے جس میں تقریباً 1,32,000 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔