ڈھاکہ: بنگلہ دیش۔ 22 جنوری۔ اے این آئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا اور بنگلہ دیش کے میچ بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بلبُل نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت میں کھیلنا ہمارے لیے محفوظ نہیں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے میچ سری لنکا میں ہوں۔
یہ فیصلہ بدھ کو آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد سامنے آیا جو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بی سی بی کی درخواست پر غور کیا گیا جس میں اس نے اپنے میچ سری لنکا منتقل کرنے کی اپیل کی تھی۔ امین الاسلام بلبُل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارت میں کھیلنا ہمارے لیے محفوظ نہیں ہے اور ہم سری لنکا میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ تمام آزاد سکیورٹی جائزوں کے بعد یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ بھارت میں ٹورنامنٹ کے مقامات پر بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں میڈیا اہلکاروں اور شائقین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آئی سی سی بورڈ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے اتنے قریب شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں اور بغیر کسی معتبر سکیورٹی خطرے کے فیصلے بدلنا مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کے لیے غلط مثال قائم کر سکتا ہے۔
آئی سی سی انتظامیہ نے بی سی بی کے ساتھ کئی ملاقاتیں اور خط و کتابت کیں اور ایونٹ کے سکیورٹی پلان کی مکمل تفصیل شیئر کی۔ آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بی سی بی کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا اور آزاد سکیورٹی رپورٹس اور میزبان حکام کی یقین دہانیوں سے ثابت ہوا کہ بھارت میں بنگلہ دیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق خطرہ نہیں ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بی سی بی نے اپنے مؤقف کو ایک غیر متعلقہ اندرونی معاملے سے جوڑے رکھا جس کا ورلڈ کپ کی سکیورٹی سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ آئی سی سی نے کہا کہ مقامات اور شیڈول سے متعلق فیصلے تمام 20 ممالک کے لیے یکساں اصولوں کے تحت ہوتے ہیں اور کسی ایک ٹیم کے لیے تبدیلی کرنا انتظامی اور اخلاقی طور پر درست نہیں ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد 9 فروری کو اٹلی اور پھر انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ بعد ازاں ٹیم ممبئی میں نیپال کے خلاف کھیلے گی۔
بی سی بی حکام کے مطابق حتمی فیصلہ حکومت سے مشاورت کے بعد جمعرات کو آئی سی سی کو بتایا جائے گا۔