ہانگ کانگ، : ہانگ کانگ سکسز 2025 کا فائنل اتوار کو ٹن کوانگ روڈ ری کریئیشن گراؤنڈ میں نہایت سنسنی خیز انداز میں اختتام پذیر ہوا، جہاں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ یہ پاکستان کا چھٹا خطاب ہے، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی ملک کی سب سے زیادہ فتوحات ہیں۔
فائنل میں پاکستان نے نووارد ٹیم کویت کو 43 رنز سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 135 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ عبدالصمد نے 13 گیندوں پر 42 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی، جبکہ کپتان عباس آفریدی نے صرف 11 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگ سے ٹیم کو مضبوط مقام پر پہنچایا۔ کویت کی جانب سے میت بھوسار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کویت نے ہدف کے تعاقب میں شروعات بہت دھماکے دار کیں۔ عدنان ادریس نے پہلے اوور میں ہی پانچ چھکے لگا کر صرف آٹھ گیندوں پر 30 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو امید دلائی، مگر پاکستان کے بولرز نے بہترین نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے انہیں 92 رنز پر محدود کر دیا اور ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔
اگرچہ کویت فائنل نہ جیت سکا، مگر اپنی پہلی ہی شرکت میں فائنل تک پہنچ کر اس نے سب کو متاثر کیا۔
میزبان ٹیم ہانگ کانگ، چین نے بھی اپنے شائقین کو خوش کر دیا۔ انہوں نے پلیٹ فائنل میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی۔ بنگلہ دیش نے کپتان اکبر علی کی 13 گیندوں پر 51 رنز کی اننگ کے بدولت 121 رنز بنائے۔ جواب میں ہانگ کانگ کو آخری اوور میں 30 رنز درکار تھے، تب کپتان ایزاز خان نے پانچ چھکے لگا کر ناقابلِ یقین جیت حاصل کی۔ وہ 21 گیندوں پر 85 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلائی۔
بول فائنل میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات کو 21 رنز سے ہرا کر اپنے سفر کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔ سچیتھا جیاتھلکے نے 13 گیندوں پر 52 رنز بنا کر سری لنکا کو چھ اوورز میں 106/2 تک پہنچایا۔ جواب میں یو اے ای کی ٹیم 85/2 پر محدود رہی، اور سری لنکا نے بول چیمپئن شپ اپنے نام کی۔