آج ہی کے دن ہندستان نے پہلی بار عالمی کپ جیتا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2026
آج ہی کے دن ہندستان نے پہلی بار عالمی کپ جیتا
آج ہی کے دن ہندستان نے پہلی بار عالمی کپ جیتا

 



مبئی : 25 جون 1983 کو ہندستانی کرکٹ کی تاریخ کا سنہرا باب رقم ہوا جب کپیل دیو کی قیادت میں ہندستان نے لارڈز کے تاریخی میدان میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنا پہلا ایک روزہ عالمی کپ اپنے نام کیا۔

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز فائنل میں واضح فیورٹ سمجھی جا رہی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندستانی ٹیم 183 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ کرِس سری کانتھ نے 38 اور سندیپ پاٹل نے 27 رنز بنائے۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی مضبوط بیٹنگ لائن ہندستانی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 140 رنز پر سمٹ گئی۔ اس طرح ہندستان نے 43 رنز سے تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔

موہندر امرناتھ نے 26 رنز بنانے کے ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کیں اور مردِ میدان قرار پائے۔ مائیکل ہولڈنگ کا آخری وکٹ گرنے کے ساتھ ہی ہندستان پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔

لارڈز کی بالکونی میں کپیل دیو کے ہاتھوں عالمی کپ ٹرافی بلند کرنے کا منظر آج بھی کرکٹ شائقین کی یادوں میں تازہ ہے۔ 1983 کی یہ فتح ہندستان میں کرکٹ کے عروج کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا سرچشمہ بنی۔

ہندستان نے بعد میں 2011 میں دوسری مرتبہ عالمی کپ جیتا جبکہ آسٹریلیا اب تک چھ عالمی کپ جیت کر سب سے کامیاب ٹیم ہے۔