میسوری ۔ امریکہ : ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کے ذریعے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے باوجود ریکارڈز کو زیادہ اہمیت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعداد و شمار محض اعداد و شمار ہوتے ہیں اور ان سے کسی کھلاڑی کی عظمت کا مکمل اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اپنے پہلے میچ میں میسی نے مردِ میدان کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے الجزائر کے خلاف تین صفر کی فتح میں تینوں گول اسکور کیے۔ اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے 16 گولوں کے ریکارڈ کے برابر آ گئے جبکہ برازیل کے رونالڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جن کے نام 15 گول تھے۔
میسی نے فرانس کے کیلیان ایمباپے اور جرمنی کے گیرڈ مولر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ایمباپے نے اسی روز سینیگال کے خلاف دو گول کرکے مولر کے 14 گولوں کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔
تاریخ رقم کرنے کے باوجود میسی نے عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز پر فخر تو محسوس کرتے ہیں لیکن ریکارڈز کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اعزاز ہے۔ ایمباپے اور رونالڈو بھی اس فہرست میں موجود ہیں لیکن یہ اعداد و شمار کوئی معنی نہیں رکھتے۔ یہ صرف اعداد و شمار ہیں۔ رونالڈو دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور وہ پہلے نمبر پر نہیں ہیں۔ اس لیے یہ محض ایک شماریاتی حقیقت ہے۔
میچ میں میسی نے تین مختلف انداز سے گول کیے۔ پہلا گول انہوں نے سترہویں منٹ میں دور سے طاقتور شاٹ کے ذریعے کیا۔ دوسرا گول پنالٹی ایریا میں ری باؤنڈ ہونے والی گیند پر قریب سے کیا جبکہ تیسرا گول انہوں نے چھہترویں منٹ میں خوبصورت انداز میں گیند کو جال میں پہنچا کر مکمل کیا۔
پہلا گول کرنے کے بعد میسی جذباتی ہو کر آبدیدہ بھی دکھائی دیے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انہیں کچھ مشکل اور پیچیدہ حالات کا سامنا رہا جس کی وجہ سے ان کے جذبات قابو میں نہ رہ سکے۔
میسی نے کہا کہ یہ ردعمل کھیل سے متعلق نہیں تھا۔ میں نے کچھ بہت مشکل دن گزارے ہیں۔ میں اپنی ٹیم اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر وقت میرا ساتھ دیا اور مجھے ان حالات سے نکلنے کی طاقت بخشی۔
ارجنٹائن کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ ٹیم نے میچ پر مکمل کنٹرول رکھا اور گزشتہ مقابلوں کے تجربے سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ جب گیند ہمارے پاس تھی تو ہماری پوزیشننگ بہت اچھی تھی اور ہم نے میچ کو بہترین انداز میں سنبھالا۔ ہمیں معلوم تھا کہ اس مرحلے پر کوئی بھی ٹیم آسانی سے کچھ نہیں دیتی۔
الجزائر کے خلاف فتح کے بعد ارجنٹائن اپنا اگلا میچ 22 جون کو آسٹریا کے خلاف کھیلے گا۔