ہربھجن کی ہندوستان ۔جنوبی افریقہ ٹیسٹ میں کولکاتا کی پچ پر شدید تنقید

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2025
ہربھجن کی ہندوستان ۔جنوبی افریقہ ٹیسٹ میں کولکاتا کی پچ پر شدید تنقید
ہربھجن کی ہندوستان ۔جنوبی افریقہ ٹیسٹ میں کولکاتا کی پچ پر شدید تنقید

 



نئی دہلی،: سابق ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کولکاتا میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کی پچ پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ایسی وکٹوں پر ٹیسٹ کرکٹ کا مذاق بن کر رہ گیا ہے، اور یہ اب کھلاڑی کی صلاحیت کا امتحان ہی نہیں رہ گیا۔ ہربھجن نے یہاں تک کہا کہ سچن تندولکر اور ویرات کوہلی جیسے لیجنڈ بھی اس طرح کی پچ پر جھیل نہ پاتے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ پہلے دن ٹاس جیت کر صرف 159 پر آؤٹ ہو گئی۔ اس کے بعد امید تھی کہ ہندوستان بہتر کھیلے گا، مگر ہندوستان بھی صرف 189 تک پہنچ سکا۔ 30 رنز کی برتری بھی ایسے لگ رہی تھی جیسے 300 رنز کی ہو۔ دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ 93/7 پر لڑکھڑا گئی اور میچ تقریباً ہندوستان کی جھولی میں جا گرا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے ہربھجن نے کہا کہ انہیں خوشی تھی کہ لوگ ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے بڑی تعداد میں آئے، مگر پچ نے سب کچھ خراب کر دیا۔ اُن کے مطابق دو دن میں میچ کا نتیجہ تقریباً طے ہو جانا ٹیسٹ کرکٹ کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "ریسٹ اِن پیس، ٹیسٹ کرکٹ۔"

ہربھجن نے انگلینڈ میں کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز کی مثال بھی دی، جہاں ہندوستان اور انگلینڈ کی پانچوں ٹیسٹ میچز پانچویں دن تک گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پچوں نے بیٹنگ اور باولنگ دونوں کو برابر موقع دیا، اسی لیے دنیا نے اس سیریز کو خوب سراہا۔

انہوں نے موجودہ پچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بیٹر کو اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ گیند کب اوپر اٹھے گی، کب نیچی رہ جائے گی یا کب تیزی سے اسپن ہو جائے گی۔ "چاہے سچن ہو یا ویرات، اتنی بے ترتیب پچ پر کوئی بھی ٹِک نہیں سکتا۔ یہ مسئلہ تکنیک یا ٹیلنٹ کا نہیں، بلکہ صرف پچ کا ہے۔"

ہربھجن نے آخر میں کہا کہ یہ صورتحال کئی سالوں سے دیکھی جا رہی ہے اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اچھی بات نہیں، بلکہ مکمل طور پر غلط اور بے معنی ہے۔اگر ہندوستان یہ میچ جیت لیتا ہے تو وہ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لے گا۔