نکہت، نریندر اور جیسمین ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے اگلے راؤنڈ میں داخل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2025
نکہت، نریندر اور جیسمین ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے اگلے راؤنڈ میں داخل
نکہت، نریندر اور جیسمین ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے اگلے راؤنڈ میں داخل

 



لیورپول [برطانیہ]، 6 ستمبر (اے این آئی): ہندوستانی باکسرز نے لیورپول میں جاری ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو نکہت زرین، نریندر اور جیسمین نے زبردست فتوحات درج کر کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ یہ اطلاع باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا نے دی۔

نکہت زرین (خواتین 51 کلوگرام) نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا اور امریکہ کی جینیفر لوزانو کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر اپنی فارم اور عزم کو واضح کردیا۔

مردوں کے زمرے میں، نریندر (90+ کلوگرام) نے آئرلینڈ کے مارٹن کرسٹوفر مکڈوناگ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4-1 کی برتری حاصل کی اور اگلے راؤنڈ میں جگہ پکی کرلی۔

جیسمین (57 کلوگرام) نے یوکرین کی داریا-اولہا ہوتارینا کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور 5-0 سے باآسانی فتح حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

اس سے قبل، سمت کندو (مرد 75 کلوگرام) اور نیرج پھوگٹ (خواتین 65 کلوگرام) نے بھی اپنی اپنی کیٹیگری میں مختلف نوعیت کی فتوحات حاصل کرتے ہوئے پری-کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

سمت کندو نے اردن کے محمد الحسین کے خلاف مردوں کے 75 کلوگرام پہلے راؤنڈ میں تینوں راؤنڈز میں شاندار برتری برقرار رکھی اور 5-0 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب، نیرج کو فن لینڈ کی کرسٹا کووالینن کے خلاف سخت جدوجہد کرنا پڑی اور 3-2 سے سنسنی خیز فتح حاصل کی۔

ہندوستان نے اس ابتدائی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے 20 رکنی ٹیم بھیجی ہے، جو کہ ورلڈ باکسنگ (ایک نئی تشکیل شدہ بین الاقوامی گورننگ باڈی) کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا مقصد برازیل اور قازقستان میں ورلڈ باکسنگ کپ کے شاندار مظاہروں کو آگے بڑھانا ہے۔

نیرج دوسرے دن سب سے پہلے رنگ میں اتریں، جہاں فن لینڈ کی نیشنل چیمپئن کووالینن نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار واپسی کی۔ تاہم، نیرج نے تیسرے راؤنڈ میں بھرپور جوابی حملہ کیا اور پانچ میں سے چار ججوں نے ان کے حق میں فیصلہ دیا، جس سے وہ اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔