نیپال -سپریم کورٹ نے کیا حکومت کے 11 سفیروں کو واپس بلانے کے فیصلے کے خلاف عبوری حکم جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2025
نیپال -سپریم کورٹ نے  کیا حکومت کے 11 سفیروں کو واپس بلانے کے فیصلے کے خلاف عبوری حکم جاری
نیپال -سپریم کورٹ نے کیا حکومت کے 11 سفیروں کو واپس بلانے کے فیصلے کے خلاف عبوری حکم جاری

 



 کٹھمنڈو [نیپال]، 2 نومبر (اے این آئی): نیپال کی سپریم کورٹ نے اتوار کے روز حکومت کے اُس فیصلے کے خلاف عبوری حکم جاری کیا، جس کے تحت مختلف ممالک میں تعینات 11 نیپالی سفیروں کو واپس بلایا گیا تھا۔

جسٹس سارنگا سُبیدی اور شری کانت پوڈیل پر مشتمل مشترکہ بینچ نے یہ حکم اُس سماعت کے بعد سنایا جو جمعہ سے جاری تھی۔

عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ سفیروں کو واپس بلانے کا یہ فیصلہ نیپال کے میزبان ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثر ڈال سکتا ہے، اور یہ سوال اُٹھایا کہ آخر صرف وہ 11 سفیر کیوں واپس بلائے گئے جو پچھلی حکومت نے تعینات کیے تھے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا: "یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان 11 سفیروں کی مدتِ کار ابھی ختم نہیں ہوئی تھی، کابینہ کے فیصلے میں ان کی واپسی کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی، اور خالی عہدوں پر نئے سفیروں کی تقرری سے متعلق کوئی اقدام بھی نہیں کیا گیا۔"

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حکومت عبوری ہے اور اس کا مینڈیٹ محدود مدت کے لیے ہے۔ عدالت نے صدارتی دفتر کے 11 ستمبر 2025 کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت صرف چھ ماہ کے اندر نئے عام انتخابات کرانے کے لیے بنائی گئی ہے، اس لیے نئے سفیروں کی فوری تقرری ممکن نہیں۔

یاد رہے کہ سشیلہ کرکی کی زیر قیادت حکومت نے 16 ستمبر کو کابینہ کے اجلاس میں 11 سفیروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا، جن میں زیادہ تر تقرریاں سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی حکومت کے دور میں ہوئی تھیں۔

ان سفیروں میں چین کے کرشنا پرساد اولی، جرمنی کے شیل روپکھیٹی، اسرائیل کے دھن پرساد پانڈت، قطر کے رمیش چندر پاؤدل، روس کے جنگ بہادر چوہان، سعودی عرب کے نریش بکرام دھاکل، اسپین کے شانِل نیپال، برطانیہ کے چندر کمار گھمیری، امریکہ کے لوک درشن ریگمی، اور جاپان کے درگا بہادر سُبیدی شامل ہیں۔

اتوار کے عدالتی حکم کے بعد حکومت کو فوری طور پر سفیروں کو واپس بلانے کا اختیار نہیں رہا۔ کابینہ کے گزشتہ ماہ کے فیصلے کے مطابق 6 نومبر تک ان سفیروں کو اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر وطن واپس آنا تھا۔

یہ درخواست وکلا پرتِبھا اُپریتی اور اننت راج لُوئنٹیل نے دائر کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایک نگران حکومت کے پاس طویل المدتی سفارتی فیصلے کرنے کا نہ تو آئینی اختیار ہے اور نہ ہی سیاسی جواز۔

صدر رام چندر پاؤدل نے 12 ستمبر کو سُشیلہ کرکی کو وزیراعظم مقرر کیا تھا تاکہ وہ 5 مارچ تک نئے پارلیمانی انتخابات منعقد کرائیں۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی عبوری حکومت کے دور میں سفیروں کی واپسی اور نئی تقرریاں نہ صرف غیر مناسب ہیں بلکہ آئینی اصولوں سے بھی متصادم ہیں۔