گوہاٹی- سینورَن متھوسامی کی پہلی سنچری اور مارکو یانسن کی 93 رنز کی طوفانی اننگز نے جنوبی افریقہ کو ایسے اسکور تک پہنچا دیا کہ وہ ہندوستان کو گوہاٹی ٹیسٹ اور پوری سیریز سے تقریباً باہر ہی دھکیل دیں۔
ہندوستان میں جب بھی کسی ٹیم نے تقریباً 489 جیسے رنز بنائے ہیں، وہ میچ ہاری نہیں۔ اگر یہ ریکارڈ برقرار رہا تو ہندوستان کو 12 سال بعد دوسری بار ہوم سیریز میں شکست دیکھنی پڑ سکتی ہے۔
دن کا آغاز ہوا تو یہ بڑا مجموعہ بہت دور لگ رہا تھا۔ رات کے 247/6 سے آگے بڑھتے ہوئے متھوسامی اور ویریاین نے میچ سنبھالا۔ اگر وہ اسی رفتار سے کھیلتے رہتے تو شاید 400 کے آس پاس ہی رکتے۔
لیکن پھر یانسن آیا… اور میچ کا رنگ بدل گیا۔صرف 91 گیندوں پر 93 رنز اور سات چھکے ۔ اور وہ بھی ہندوستان میں کسی بھی جنوبی افریقی کی سب سے زیادہ چھکے۔ یانسن نے ہندوستان کی پوری محنت ایک جھٹکے میں ہلا دی۔ متھوسامی بھی اس کے ساتھ کھل کر کھیلنے لگے اور دونوں نے مل کر 97 رنز کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بنائی۔ متھوسامی نے آخر کار اپنی پہلی سنچری بھی پوری کر لی۔
اس سے پہلے ویریاین اور متھوسامی نے ہندوستان کو کافی دیر تک تنگ رکھا۔ پچ جو پہلے دن کچھ مدد دے رہی تھی، دوسرے دن پوری طرح بیٹسمینوں کی دوست بن گئی۔ جنوبی افریقہ نے یہ حکمت عملی اختیار کی کہ میچ سے وقت نکالا جائے اور ہندوستان کو اچھی پچ پر بیٹنگ کا موقع نہ دیا جائے۔
دوسرے دن کے تقریباً 40 اوور تک ہندوستان کو کوئی خاص موقع نہیں ملا۔ ایک بار متھوسامی ایل بی ڈبلیو ہوتے ہوتے بچے، الٹرا ایج نے بچا لیا۔ وہ پوری اننگز میں بہت پُراعتماد لگے۔
ہندوستان کو ویریاین کے آؤٹ ہونے پر ایک امید ملی، مگر تب بھی اسکور 334/7 تھا ۔ یعنی اگر یہاں انہیں 400 سے پہلے روک لیتے، میچ کھلا رہتا۔ہندوستانیبولرز کی جھنجھلاہٹ بڑھتی گئی۔ بُمراہ نے ایک شاٹ پر سرِاج کو گھور کر دیکھا جب کیچ تھوڑا سا دور گر گیا۔ بولرز نے پوری جان لگا دی مگر جنوبی افریقہ نے بڑا ٹوٹل کھڑا کر دیا۔