ابوظہبی :افغانستان کے اسٹار آل راؤنڈر محمد نبی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 6000 بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے پہلے افغان بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے یہ کارنامہ جمعرات کو ابوظہبی میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا۔اب تک نبی 315 بین الاقوامی میچز میں 6057 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے کریئر میں 2 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بیٹنگ اوسط 24.62اور اسٹرائیک ریٹ 101.11ہے۔ انہوں نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 33 رنز، 173 ون ڈے میں 3667 رنز اور 139 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 2357 رنز بنائے ہیں۔
محمد نبی افغانستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔
میچ کی جھلکیاں
سری لنکا کے خلاف اس میچ میں محمد نبی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 60 رنزکی طوفانی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو 169/8 کے اسکور تک پہنچایا۔
19 اوورز میں افغانستان کا اسکور 137/7 تھا، لیکن نبی نے آخری اوور میں دھماکہ خیز انداز میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے سری لنکن بالر دنتھ ویلالاگے کی گیندوں پر ایک ہی اوور میں پانچ چھکے جڑ دیے۔
انہوں نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچریمکمل کی، جو افغانستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے تیز ترین ففٹی ہے۔ اس طرح انہوں نے اپنا ہی پرانا ریکارڈ اور گلبدین نائب کا مشترکہ ریکارڈ (21 گیندوں پر ففٹی) توڑ دیا۔
سری لنکا کے بولر نوان تُشارا نمایاں رہے، جنہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
گروپ اسٹیج کی صورتحال
گروپ اے سے بھارت اور پاکستان پہلے ہی سپر 4 میں پہنچ چکے ہیں، جبکہ گروپ بی سے باقی دو مقامات کے لیے سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔