میسی کا انگریزی نہ سیکھنے پر افسوس، کہا خود کو “نصف جاہل” محسوس کرتا ہوں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-02-2026
میسی کا انگریزی نہ سیکھنے پر افسوس، کہا خود کو “نصف جاہل” محسوس کرتا ہوں
میسی کا انگریزی نہ سیکھنے پر افسوس، کہا خود کو “نصف جاہل” محسوس کرتا ہوں

 



میکسیکو سٹی: ارجنٹینا کے فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے لیجنڈ لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ بچپن میں انگریزی نہ سیکھنا ان کی زندگی کی بڑی غلطیوں میں سے ایک ہے اور عالمی شخصیات سے گفتگو کے دوران وہ خود کو کبھی کبھی “نصف جاہل” محسوس کرتے ہیں۔

میکسیکن پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارجنٹینا کے کپتان اور میجر لیگ سوکر کلب انٹر میامی کے کھلاڑی میسی نے کہا کہ انہیں اس بات کا گہرا افسوس ہے کہ انہوں نے بچپن میں انگریزی کی تعلیم حاصل نہیں کی حالانکہ ان کے پاس وقت موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار وہ ایسی عظیم اور بااثر شخصیات کے ساتھ موجود رہے جن سے وہ بات چیت کرنا چاہتے تھے مگر زبان کی رکاوٹ نے انہیں محدود کر دیا۔

میسی نے کہا کہ کم عمری میں انسان ان باتوں کی اہمیت کو نہیں سمجھتا مگر اب وہ اپنے بچوں کو ہمیشہ اچھی تعلیم حاصل کرنے اور خود کو تیار رکھنے کی نصیحت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق نئی نسل کو اپنے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ ہر کسی کے حالات یکساں نہیں ہوتے۔

انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ارجنٹینا میں ان کی اسکول کی آخری سال کی تعلیم ایک طرح سے متاثر رہی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ انہیں کم عمری میں بارسلونا منتقل ہونا ہے۔ بعد میں انہوں نے بارسلونا میں لا ماسیا اکیڈمی کے دیگر طلبہ کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کی۔

2023 میں پیرس سینٹ جرمین کے بعد انٹر میامی سے منسلک ہونے والے میسی نے کہا کہ فٹبال نے انہیں زندگی کے قیمتی اسباق سکھائے ہیں۔ ان کے مطابق فٹبال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک طرز زندگی ہے جو انسان کو اقدار سکھاتا ہے مضبوط رشتے بناتا ہے اور دنیا کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔