ممبئی: ویسٹ انڈیز کے بلے باز شمراں ہیٹمائر نے زمبابوے کے خلاف اپنی دھواں دار اننگز کو اپنے لیے بے حد اہم قرار دیا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے 34 گیندوں پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 107 رنز سے بڑی فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہیٹمائر کو اس غیر معمولی کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 7 فلک بوس چھکے شامل تھے جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 254 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اسکور کیے جو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔
میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کارکردگی ان کے لیے اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کیونکہ وہ گزشتہ میچ میں خاطر خواہ رنز نہیں بنا سکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے دو مہینوں سے جس انداز میں کھیل رہے ہیں اسی تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
نمبر 3 پر بیٹنگ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اب وہ اس پوزیشن پر زیادہ مطمئن اور پراعتماد محسوس کرتے ہیں کیونکہ مسلسل اس کردار کو نبھانے سے آسانی پیدا ہو گئی ہے اور ٹیم کی مکمل حمایت انہیں ذہنی سکون فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے مشترکہ ریکارڈ کی برابری بھی کی تاہم اس کامیابی کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک میچ تھا اور ٹیم کو ابھی مزید کامیابیاں حاصل کرنا ہیں۔
اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز گروپ 1 میں بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ سرفہرست پہنچ گیا جبکہ زمبابوے کی ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں کیریبین ٹیم نے شاندار ہمہ جہت کارکردگی کے ساتھ اہم کامیابی اپنے نام کی۔