میڈرڈ:فٹ بال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی نے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنگلاتی آتش زدگی سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 80 ہزار یورو عطیہ کیے ہیں۔میڈرڈ کی علاقائی حکومت کی صدر ازابیل دیاز آیوسو نے سوشل میڈیا پر میسی کے عطیے کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے لیے ان کے فراخ دلانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا:"لیو میسی نے میڈرڈ کے سیئرا اوئستے علاقے کی تعمیر نو کے لیے 80 ہزار یورو عطیہ کیے ہیں۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ میڈرڈ کے لوگ جلد ان کا استقبال کرنے اور انہیں ان کے اس عمل پر بھرپور خراج تحسین پیش کرنے کے منتظر ہیں۔"یہ عطیہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ہسپانوی حکام سیئرا اوئستے کے ان علاقوں کی بحالی میں مصروف ہیں جو حالیہ ہفتوں میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
اس سے قبل جنوبی یورپ کے مختلف ممالک میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل گئی تھی، جس کے باعث اسپین، فرانس اور اٹلی میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں شدید گرمی اور تیز ہواؤں کے باعث پھیلنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف رہیں۔
یورو نیوز کے مطابق، میڈرڈ کے نواحی علاقوں اور صوبہ اویلا میں آگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر اسپین نے قومی ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب، 2026 فیفا ورلڈ کپ میں لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم فائنل تک پہنچی، تاہم اضافی وقت میں اسپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کے بعد اسے رنر اپ پر اکتفا کرنا پڑا۔