لیونل میسی مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے چھ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-06-2026
لیونل میسی مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے چھ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے
لیونل میسی مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے چھ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے

 



 میسوری ۔ امتریکہ : ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ الجزائر کے خلاف ارجنٹائن کے افتتاحی میچ میں شرکت کے ساتھ ہی وہ مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے چھ مختلف ایڈیشنز میں کھیلنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے۔

یہ میچ ارجنٹائن کے لیے ان کا 200واں بین الاقوامی مقابلہ بھی تھا۔ اس کامیابی کے بعد انہوں نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ بار شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں کئی نامور فٹبالرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اڑتیس سالہ میسی پہلے ہی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ الجزائر کے خلاف مقابلہ ان کے کیریئر کا ستائیسواں ورلڈ کپ میچ تھا۔

میسی نے 2006 کے ورلڈ کپ میں صرف اٹھارہ برس کی عمر میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آ کر سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف ارجنٹائن کی چھ صفر سے کامیابی میں گول بھی کیا تھا۔

اس تازہ سنگ میل کے ساتھ میسی فٹبال کی تاریخ کے صرف تیسرے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے ملک کے لیے دو سو بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں۔ بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والوں کی فہرست میں کرسٹیانو رونالڈو دو سو اٹھائیس میچز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بدر المطوع دو سو دو میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ لیونل میسی دو سو میچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ لوکا موڈرچ ایک سو اٹھانوے میچز کے ساتھ ان کے بعد آتے ہیں۔

اگرچہ میسی نے ابھی تک بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا لیکن انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ ارجنٹائن کے ساتھ ان کا آخری بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔