نئی دہلی: ابھشیک پوریل اور کے ایل راہل کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد اکشر پٹیل کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت دہلی کیپیٹلس نے اتوار کو نئی دہلی میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ مقابلے میں راجستھان رائلز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابھشیک پوریل نے 31 گیندوں پر 51 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ کے ایل راہل نے 42 گیندوں پر 56 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے۔
دہلی کے کپتان اکشر پٹیل نے آخر میں صرف 18 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابھشیک پوریل اور کے ایل راہل نے دہلی کیپیٹلس کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلے اوور میں 14 اور دوسرے اوور میں 13 رنز بنا کر راجستھان کے گیندبازوں پر دباؤ بنا دیا۔
دہلی نے صرف 4 اوورز میں اپنی ففٹی مکمل کرلی۔ پوریل اور راہل نے پاور پلے کے اختتام تک ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے 72 رنز تک پہنچایا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ شاٹس کے ساتھ ساتھ سنگلز بھی حاصل کیے۔
آئی پی ایل 2026 میں پاور پلے کے پہلے 6 اوورز میں دہلی کیپیٹلس کا 72 رنز بغیر کسی نقصان کے اس سیزن کا سب سے بڑا اسکور رہا۔ اس سیزن میں 13 اننگز میں یہ صرف تیسری بار تھا جب دہلی پاور پلے میں بغیر وکٹ گنوائے رہی اور ان میں سے 2 بار یہ کارنامہ راجستھان رائلز کے خلاف ہوا۔
یہ اسکور آئی پی ایل تاریخ میں راجستھان رائلز کے خلاف دہلی کیپیٹلس کا دوسرا سب سے بڑا پاور پلے اسکور بھی رہا۔ اس سے پہلے 2024 سیزن میں دہلی میں ہی دہلی نے 78/2 اسکور بنایا تھا۔
دونوں اوپنرز نے راجستھان کے گیندبازوں پر حملے جاری رکھتے ہوئے 10ویں اوور میں ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچایا۔ آخرکار بریجیش شرما نے ابھشیک پوریل کو 51 رنز پر آؤٹ کرکے راجستھان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ساحل پارکھ کریز پر آئے۔
جوفرا آرچر نے بھی جلد کامیابی حاصل کرتے ہوئے ساحل پارکھ کو 9 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد اکشر پٹیل بیٹنگ کے لیے آئے۔ داسن شناکا نے سیٹ بلے باز کے ایل راہل کو 56 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد ٹرسٹن اسٹبس میدان میں اترے۔
16 اوورز کے بعد دہلی کا اسکور 3 وکٹ پر 151 رنز تھا اور جیت کے لیے 24 گیندوں پر 43 رنز درکار تھے۔ جوفرا آرچر نے ٹرسٹن اسٹبس کو 4 رنز پر آؤٹ کیا جس کے بعد ڈیوڈ ملر کریز پر آئے۔
ملر اور اکشر پٹیل نے 18ویں اوور میں ڈونووَن فریرا کے خلاف 16 رنز بنائے اور ٹیم کو آخری 12 گیندوں پر 19 رنز کی ضرورت رہ گئی۔ اگلے اوور میں بریجیش شرما نے ڈیوڈ ملر کو 9 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد آشوتوش شرما کریز پر آئے۔
اکشر پٹیل اور آشوتوش شرما نے آخری اوور میں 4 گیندیں باقی رہتے ہوئے دہلی کو جیت دلادی۔
اس سے قبل دہلی کیپیٹلس کے گیندبازوں نے مچل اسٹارک کی شاندار بولنگ اور لنگی نگیدی و مادھو تیواری کی عمدہ کارکردگی کی بدولت راجستھان رائلز کو 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 193 رنز تک محدود کردیا۔
ایک وقت راجستھان کا اسکور 12 اوورز میں 2 وکٹ پر 140 رنز تھا لیکن اس کے بعد دہلی کے گیندبازوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 193/8 تک روک دیا۔ مچل اسٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نگیدی اور مادھو تیواری نے 2۔2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دہلی کیپیٹلس نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ پلے آف کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے یہ میچ دہلی کے لیے انتہائی اہم تھا۔
راجستھان رائلز کی اننگز کا آغاز خراب رہا جب لنگی نگیدی نے تیسرے اوور میں یشسوی جیسوال کو 12 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 2 اوورز میں ایک وکٹ پر 19 رنز تھا۔
اس کے بعد نوجوان ویبھو سوریہ ونشی نے جارحانہ بیٹنگ شروع کی۔ دھرو جوریل کے ساتھ مل کر انہوں نے مچل اسٹارک کے اوور میں 16 رنز بنائے اور اسکور 35/1 تک پہنچا دیا۔
دھرو جوریل کو چوتھے اوور میں اس وقت زندگی ملی جب کے ایل راہل نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ اس وقت جوریل صرف 4 رنز پر کھیل رہے تھے۔
ویبھو سوریہ ونشی نے تریپورانا وجے کے اوور میں 18 رنز بٹورے۔ 5 اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور 58/1 تھا۔ اگلے اوور میں دھرو جوریل نے مکیش کمار کے خلاف 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور پاور پلے کے اختتام پر ٹیم 75/1 تک پہنچ گئی۔
مادھو تیواری نے 8ویں اوور میں ویبھو سوریہ ونشی کو آؤٹ کیا لیکن اس سے پہلے وہ صرف 21 گیندوں پر 46 رنز بنا چکے تھے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ 8 اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور 92/2 تھا۔
اس کے بعد ریان پراگ نے ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے اکشر پٹیل کے اوور میں 2 چھکے لگائے اور پھر مکیش کمار کے اگلے اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکا جڑا۔ 12 اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور 140/2 ہوگیا۔
ریان پراگ نے صرف 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم 15ویں اوور میں مچل اسٹارک نے مسلسل گیندوں پر ریان پراگ 51 اور ڈونووَن فریرا کو آؤٹ کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ اس کے بعد روی سنگھ کو بھی 4 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ 15 اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور 166/5 تھا۔
17ویں اوور میں مادھو تیواری نے شبھم دوبے کو 5 رنز پر آؤٹ کیا اور راجستھان کی رفتار مزید سست کردی۔
داسن شناکا نے کریز پر آتے ہی لنگی نگیدی کے خلاف ایک چھکا لگایا اور 18 اوورز کے بعد راجستھان 182/6 تک پہنچ گیا۔ دھرو جوریل نے 36 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن مچل اسٹارک نے شناکا کو 10 رنز پر آؤٹ کرکے راجستھان کو ایک اور جھٹکا دیا۔
آخری اوور میں لنگی نگیدی نے دھرو جوریل کو 53 رنز پر آؤٹ کردیا اور راجستھان کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ راجستھان رائلز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 193 رنز بنائے۔
دہلی کیپیٹلس کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لنگی نگیدی نے 24 رنز دے کر 2 جبکہ مادھو تیواری نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل نے بھی 4 اوورز میں صرف 31 رنز دے کر کفایتی بولنگ کی۔