رام دیپ سنگھ نے ٹی وی اداکارہ چارلی چوہان سے شادی کرلی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2026
 رام دیپ سنگھ نے ٹی وی اداکارہ چارلی چوہان سے شادی کرلی
رام دیپ سنگھ نے ٹی وی اداکارہ چارلی چوہان سے شادی کرلی

 



ممبئی: پنجاب کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ اور آئی پی ایل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیے کھیلنے والے کرکٹر رام دیپ سنگھ نے ٹی وی اداکارہ چارلی چوہان سے روایتی پنجابی تقریب میں شادی کرلی۔نجی نوعیت کی اس شادی کی تقریب میں اہل خانہ۔ قریبی دوستوں۔ ساتھی کرکٹرز اور ٹیلی ویژن کی دنیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ پنجاب کے کرکٹرز اور رام دیپ کے قریبی دوست بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں ہندوستانی تیز گیند باز ارش دیپ سنگھ۔ ممبئی انڈینز کے بلے باز نمن دھیر۔ ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر اشونی کمار اور پنجاب کے کرکٹر جسندر سنگھ بھی نظر آئے۔ٹی وی اداکار جے بھانوشالی نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کی۔شادی کے موقع پر رام دیپ سنگھ نے کڑھائی والی کریم رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی جبکہ ’کیسی یہ یاریاں‘ سے شہرت حاصل کرنے والی چارلی چوہان نے بھاری زیورات کے ساتھ روایتی میرون رنگ کا عروسی لہنگا زیب تن کیا۔چارلی چوہان نے ’کیسی یہ یاریاں‘ اور ’بیسٹ فرینڈز فار ایور‘ جیسے ٹی وی شوز سے شہرت حاصل کی۔ وہ ایم ٹی وی روڈیز میں بھی نظر آچکی ہیں اور ڈانس ریئلٹی شو ’ناچ بلئے‘ میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔

رام دیپ سنگھ کا کرکٹ کیریئر

رام دیپ سنگھ ڈومیسٹک کرکٹ میں پنجاب اور انڈین پریمیئر لیگ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ سیم بولنگ آل راؤنڈر ہیں اور جارحانہ بلے بازی اور بہترین فیلڈنگ کے لیے جانے جاتے ہیں۔وہ 2024 کے آئی پی ایل میں ٹائٹل جیتنے والی کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے 29 جنوری 2017 کو ہماچل پردیش کے خلاف انٹر اسٹیٹ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں پنجاب کی جانب سے اپنا ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا۔