اکبر خان ایشین ٹریک سائیکلنگ کے لیے این ٹی او منتخب

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-05-2022
کشمیر: سائیکلسٹ اکبر خان ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے این ٹی او منتخب
کشمیر: سائیکلسٹ اکبر خان ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے این ٹی او منتخب

 




آواز دی وائس، سری نگر

ایتھلیٹ سائیکلسٹ اور پی ٹی آئی کے جی ڈی سی ڈاکٹر محمد اکبر خان (PTI GDC Soibugh) کو 18 جون سے 22 جون 2022 تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ہونے والی آئندہ 41 ویں ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے نیشنل ٹیکنیکل آفیشل (NTO) کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

 ڈاکٹراکبر خان اس وقت گورنمنٹ ڈگری کالج سوئی باغ، بڈگام میں فزیکل ٹرینر انسٹرکٹر (PTI) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ رائزنگ کشمیر اخبار کے مطابق اکبر خان کا کہنا ہے کہ وہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ہونے والی آئندہ 41 ویں ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے دیگر 22 قومی ٹیکنیکل آفیشلز (این ٹی اوز) کے ساتھ فہرست میں 9ویں نمبر پر منتخب ہوئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ایونٹ ایشیا کا سب سے بڑا سائیکلنگ ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس میں تقریباً 40 ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ ہندوستان کی سائیکلنگ فیڈریشن نے تکنیکی عہدیداروں کے لیے دو ہفتے کا آن لائن کورس کرایا ہے۔ ڈاکٹراکبرخان کورس مکمل کرنے کے بعد منتخب ہوئے اور سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے ذریعہ منعقدہ امتحان کے لیے کوالیفائی کیا۔ انتیس سالہ اکبرخان کا تعلق وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے چیک ای کاوسا سے ہے۔

انہوں نے سائیکلنگ کو کشمیر میں ایک نئی شکل دی ہے اور سائیکلنگ میں ان کی شراکت کے لئے انہیں 2017 میں جموں و کشمیر اسٹیٹ ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ اکبر خان ایک مشہور سائیکلسٹ ہیں۔ انہوں نے سنہ 2006 میں سائیکل چلانا شروع کیا تھا۔ وہ تقریبا دو دہائی سے اس سے جڑے ہوئے ہیں۔ نیز وہ اس کھیل میں بہتر سے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

اکبر خان کوسائیکلنگ کی ترغیب اپنے بڑے بھائی فیروز اے خان سے ملی۔ ان کے بھائی سری نگر کے برن ہال اسکول میں اسپورٹس ٹیچر ہیں۔ انہوں نے انٹر کالج سائیکل ریس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔اکبر خان نے کہا کہ سائیکلنگ میں میرے بھائی کی کامیابی نے مجھے محرک بنایا۔

انہوں نے سائیکل چلانا سیکھا اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں انہیں کافی وقت لگا، پھر وہ میدان میں آئے۔انہوں نے امرسنگھ کالج کے لیے مسلسل تین گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انٹر کالج سائیکلنگ چیمپئن شپ جیت لی۔ اس کامیابی سے انہیں زبردست حوصلہ ملا اور وہ اس سمت میں آگے بڑھتے چلے گئے۔ امر سنگھ کالج کے سائیکلسٹ کے طور پر اکبر خان کی کارکردگی نے انہیں کھیلوں کے زمرے کے تحت گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن، گاندربل میں داخلہ دلانے میں بھی مدد کی۔

وہ کہتے ہیں کہ میرے تعلیمی کیریئر کا اگلا سنگ میل وہ تھا جب میں نے گرو نانک دیو یونیورسٹی میں آل انڈیا انٹر سائیکلنگ چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل جیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اس ایونٹ میں میری شاندار کارکردگی کو تسلیم کیا جس کے بعد مجھ کو مفت میں MPEd پروگرام میں داخلہ مل گیا۔

سنہ2018 میں اکبر خان نے اسٹیڈیفاسٹ ایتھلیٹ (Steadfast Athlete)میں اپنی تعلیم مکمل کرلی۔ تاہم کھیل کی باریکیوں کو گہری سطح پر سمجھنے کی وہ کوشش میں لگے۔ اس سلسلے میں انہوں نے شری وینکٹیشورا یونیورسٹی، اتر پردیش میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا۔

انہوں نے ہندوستان میں سائیکل سوار اورسائیکلنگ کا ڈھانچہ(Structure of a Cyclist and Cycling in India ) کے موضوع پر تحقیق کرنے کا منصوبہ بنایا اور جسے انہوں نے رواں سال مکمل کر لیا ہے۔

جموں و کشمیر کی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر رویندر سنگھ نے ڈاکٹر اکبر خان کو ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 2022 میں بطور این ٹی او منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔