نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پی ایچ ڈی اسکالر منا خالد نے ساتویں یونیکس سن رائز سینئر بیڈ منٹن پیرا چمپئن شپ دوہزار چھبیس میں چاند ی کا تمغہ حاصل کیا۔ واضح ہوکہ بیڈ منٹن ایسو سی ایشن آف انڈیا(بی اے آئی) نے یہ چمپئن شپ مورخہ چھ تا دس مارچ دوہزارچھبیس کے دوران تلنگانہ ریاست کے ہرٹ فلنیس،گوپی چند بیڈ منٹن اکیڈمی،کنہا ونم آشرم رنگا ریڈی ضلع میں منعقد کی تھی۔
مردوں کے ڈبل کٹیگری کے فائنل میں منا خالد اور ان کے ساتھی سشانت کمار، ابو ہبیدہ اور پریم کمار الے کی جوڑی سے سترہ۔اکیس اور اٹھارہ اکیس کے کم فرق سے ہارے۔
منا خالد اب تک ہندوستان کے لیے دس بین الاقوامی تمغے جیت چکے ہیں جن میں دو طلائی،دو نقرئی اور چھ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔منا خالد سردست جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ ہندی سے ہندی ادب میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔اس سے قبل انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ ہی سے بی۔اے(آنرس)ایم ایس ڈبلیو اورہندی میں ایم۔اے کیا تھا۔
پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلایہ نے اس شان دار کامیابی پر منا خالد کو مبارک باد دی اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی پر منا خالد کو مبارک باد دی اور آئندہ مقابلوں کے لیے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ ملک کی نیک نامی اور عزت و توقیر میں اضافے کے لیے ان کی کاوشوں کو سر اہتے ہوئے دونوں نے یونیورسٹی کے ممتازکھلاڑی کو مکمل تعاون دیا۔
پروفیسر نفیس احمد،اعزازی ڈائریکٹر (گیمز اینڈ اسپورٹس)جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی منا خالد کی لگن اور محنت کی تعریف کی اور کھیل سے متعلق ان کی مستقبل کی سرگرمیوں میں کامیابی کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
منا خالد کا خواب ہے کہ وہ آئندہ ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں یعنی ایشیائی پیرا گیمز دوہزار چھبیس اور پیرالمپکس دوہزار چھبیس میں ملک،ریاست اور مادر علمی جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام روشن کریں۔