ہندوستان 201 رنز پر آل آؤٹ ،جنوبی افریقہ کو گوہاٹی ٹیسٹ میں 314 رنز کی برتری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2025
ہندوستان   201 رنز پر آل آؤٹ ،جنوبی افریقہ کو گوہاٹی ٹیسٹ  میں 314   رنز کی برتری
ہندوستان 201 رنز پر آل آؤٹ ،جنوبی افریقہ کو گوہاٹی ٹیسٹ میں 314 رنز کی برتری

 



 گوہاٹی : جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو صرف 201 رنز پر آؤٹ کر کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن 288 رنز کی زبردست برتری حاصل کر لی۔ مارکو یانسن، جنہوں نے پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ بھی کی تھی، نے گیند کے ساتھ بھی کمال دکھایا اور 6 وکٹیں 48 رنز کے عوض لے کر ہندوستان کی بیٹنگ لائن کو ایک جھٹکے میں گرا دیا۔

ہندوستان کو آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک 8 اوور میں 0/26 بنا لیے۔ اوپنرز ایڈن مرکرم (12*) اور رائن ریکلیٹن (13*) نٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کی برتری 314 رنز ہو گئی ہے۔

دوپہر کے بعد ہندوستان نے 174/7 سے شروعات کی۔ واشنگٹن سندر (33*) اور کلدیپ یادو (14*) سنبھل کر کھیل رہے تھے۔ دونوں نے کچھ دیر مزاحمت بھی کی اور موقع ملتے ہی چوکے بھی لگائے۔لیکن پھر پروٹیز کے اسپنر سائمن ہارمر نے اپنا تیسرا شکار کیا اور واشنگٹن سندر کو سلپ میں کیچ کروا دیا۔ سندر نے 92 گیندوں پر 48 رنز کی محنتی اننگز کھیلی۔ اس وکٹ کے بعد ہندوستان 194/8 ہو گیا۔

کلدیپ یادو بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔ نئی گیند ملتے ہی یانسن نے انہیں بھی سلپ میں کیچ کروا دیا۔ کلدیپ نے 134 گیندوں پر 19 رنز بنائے، مگر اپنی جگہ پر ڈٹے رہے۔ اس وکٹ کے ساتھ یانسن نے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کر لیں۔ کچھ دیر بعد انہوں نے بُمرا کو بھی آؤٹ کیا اور اپنی وکٹوں کی تعداد 6 کر دی۔

اس سے پہلے ہندوستان نے دوسرا سیشن 102/4 پر شروع کیا تھا۔ کپتان رشبھ پنت (6*) اور رویندر جڈیجا (0*) کریز پر تھے۔ لیکن پنت جلد ہی بہت بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ نیتش کمار ریڈی بھی زیادہ دیر نہ رک سکے، اور صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یانسن کی اونچائی اور باؤنس نے ہندوستانی بیٹروں کو مسلسل مشکل میں رکھا، خاص طور پر جڈیجا کو۔

122/7 پر ہندوستان بری طرح دباؤ میں تھا، لیکن واشنگٹن اور کلدیپ نے پارٹنرشپ بنا کر اسکور 150 سے آگے نکال لیا۔اس کے بعد بھی ہندوستان کی مزاحمت زیادہ دیر نہ چل سکی اور پوری ٹیم 201 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔دن کا کھیل ختم ہونے تک میچ پر جنوبی افریقہ کی مکمل گرفت قائم ہے۔