آئی پی ایل کا فائنل منتقل کرنا اتنا آسان نہیں: گنگولی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2025
آئی پی ایل کا فائنل منتقل کرنا اتنا آسان نہیں: گنگولی
آئی پی ایل کا فائنل منتقل کرنا اتنا آسان نہیں: گنگولی

 



کولکتہ،۔ رپورٹ: تپن مہانتا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورَو گانگولی نے ہفتہ کو اُمید ظاہر کی کہ ایڈن گارڈنز آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فائنل کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) اور بی سی سی آئی کے درمیان "بہت اچھے" تعلقات ہیں۔

جنگ کے باعث فائنل مؤخر

بھارت اور پاکستان کے مابین جاری فوجی کشیدگی کے سبب بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے۔ پہلے فائنل 25 مئی کو کولکتہ میں ہونا تھا، مگر نئے شیڈول کے مطابق اب فائنل 3 جون کو ہوگا، لیکن مقام کا اعلان نہیں کیا گیا۔جب گانگولی سے پوچھا گیا کہ کیا کولکتہ ہی فائنل کی میزبانی کرے گا تو انہوں نے کہا:"ہم پوری کوشش کر رہے ہیں۔ کیا فائنل کو اتنی آسانی سے منتقل کیا جا سکتا ہے؟ یہ ایڈن کا پلے آف ہے، اور مجھے یقین ہے سب کچھ ٹھیک ہوگا۔ مجھے امید ہے۔"

ایڈن گارڈنز کے حق میں احتجاج

جمعہ کو کچھ مداحوں نے ایڈن گارڈنز کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ فائنل کولکتہ میں ہی کرایا جائے۔گانگولی نے کہا:احتجاج سے خاص فرق نہیں پڑتا۔ بی سی سی آئی اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔"

تاخیر کی وجہ اور میزبان کا حق

گانگولی نے وضاحت کی کہ چونکہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اپنے ہوم میچ مکمل کر لیے ہیں، اس لیے ابتدائی فہرست میں ایڈن شامل نہیں ہے۔

2024 کے سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی فتح کے سبب ایڈن گارڈنز کو رواں سیزن کے فائنل کی میزبانی کا حق دیا گیا تھا۔ ایڈن نے سیزن کا افتتاحی میچ بھی کروایا تھا۔

اصل شیڈول کے مطابق ایڈن گارڈنز کو 23 مئی کو کوالیفائر 2 اور 25 مئی کو فائنل کی میزبانی کرنی تھی۔

موسم کی پیش گوئی اہم رکاوٹ

بی سی سی آئی نے تاحال نئے مقام کا اعلان نہیں کیا ہے، جس سے قیاس آرائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تبدیلی کی ممکنہ وجہ موسم کی پیش گوئی ہے، کیونکہ مئی کے آخر میں کولکتہ میں مانسون کی شروعات ہو جاتی ہے۔

روہت اور کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

ٹیم انڈیا کو حال ہی میں اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

گانگولی نے خاص طور پر کوہلی کے فیصلے پر حیرت ظاہر کی:"یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ کیا کوئی اپنی مرضی کے بغیر کھیل چھوڑ سکتا ہے؟ لیکن یہ ایک شاندار کیریئر رہا ہے، روہت شرما کے لیے بھی یہی بات کہوں گا۔ کوہلی کا ریٹائرمنٹ مجھے چونکا گیا۔"روہت کے اعلان کے کچھ دن بعد کوہلی نے بھی ٹیسٹ کو الوداع کہا، جس سے ٹیم میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔گانگولی نے نئے کپتان کے انتخاب میں سلیکٹرز کو محتاط رہنے کا مشورہ دیاکہ  یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس پر سلیکٹرز کو احتیاط سے غور کرنا ہوگا۔ اس کے فائدے اور نقصانات دونوں ہیں۔ انھیں طویل المدتی پلاننگ کرنی ہوگی۔"