عرفان پٹھان نے بابر اعظم سے متعلق جعلی خبر کا انکشاف کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
عرفان پٹھان نے بابر اعظم سے متعلق جعلی خبر کا انکشاف کیا
عرفان پٹھان نے بابر اعظم سے متعلق جعلی خبر کا انکشاف کیا

 



ممبئی۔ سابق ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان نے ٹرولنگ اور جعلی خبروں کا سامنا کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ پاکستان میں ان کے بارے میں یہ جعلی خبر چلائی گئی کہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے انہیں انٹرویو دینے سے انکار کردیا تھا۔ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ ہر بات کا جواب نہیں دیتے کیونکہ اگر ہر شخص کو جواب دینا شروع کردیا جائے تو انسان اپنی زندگی نہیں گزار سکتا۔

عرفان پٹھان جیو ہاٹ اسٹار کے پروگرام ’چیکی سنگلز‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔پروگرام کے دوران پٹھان نے کہا کہ ٹرولنگ اور جھوٹی نسبت کے واقعات روزانہ پیش آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ بابر اعظم کی جانب سے انہیں انٹرویو دینے سے انکار کی جعلی خبر چلائی گئی اور کسی دوسرے شخص کی تصویر پر ان کا چہرہ فوٹو شاپ کرکے لگا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرولنگ اور جھوٹی نسبت روزانہ ہوتی ہے۔ ہمارے پڑوسی ملک کے میڈیا نے ایک مرتبہ خبر چلائی کہ میں بابر اعظم کا انٹرویو لینے گیا تھا اور انہوں نے یہ کہہ کر انٹرویو دینے سے انکار کردیا کہ وہ ہمارے ملک کو ٹرول کرتا ہے اس لیے میں اسے انٹرویو نہیں دوں گا۔ یہ مکمل طور پر جھوٹ تھا۔ کسی نے ایک تصویر پر میرا چہرہ فوٹو شاپ کردیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل تصویر میں ایک نوجوان بنگلہ دیشی رپورٹر تھا جو پہلی مرتبہ میدان میں گیا تھا اور اسے انٹرویو دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔ انہوں نے اس کے جسم پر میرا چہرہ لگا دیا اور خبر پھیلا دی۔ اس خبر کو 1 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا اور لوگوں نے یقین کرلیا کہ تصویر میں وہی تھے۔ ایسا روزانہ ہوتا ہے لیکن میں جواب نہیں دیتا۔ ہر روز ہمارے نام سے یا کسی کھلاڑی کے بارے میں کوئی نہ کوئی جھوٹ بولا جاتا ہے۔ اگر آپ ہر شخص کو جواب دیتے رہیں گے تو اپنی زندگی نہیں گزار سکیں گے۔2003 سے 2012 تک اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران پٹھان نے 141 اننگز میں 26.12 کی اوسط سے 2821 رنز بنائے۔ ان کے نام 1 سنچری اور 11 نصف سنچریاں ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 102 رنز رہا۔

انہوں نے 29.85 کی اوسط سے 301 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کے نام 9 مرتبہ 5 وکٹیں اور 2 مرتبہ 10 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی ہے۔ وہ اپنے دور کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے تھے تاہم انجریز نے ان کے کیریئر کو کافی متاثر کیا۔پٹھان نے آئی پی ایل میں پنجاب کنگز۔ دہلی کیپیٹلز۔ رائزنگ پونے سپر جائنٹ اور گجرات لائنز کی نمائندگی بھی کی۔ انہوں نے 103 میچوں میں 80 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 82 اننگز میں 21.49 کی اوسط سے 1139 رنز بنائے۔ ان کے نام 1 نصف سنچری بھی ہے۔