ایران: خواتین کو اسٹیڈیم میں فٹ بال میچ دیکھنے سے روک دیا گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-03-2022
ایران: خواتین کو اسٹیڈیم میں فٹ بال میچ دیکھنے سے روک دیا گیا
ایران: خواتین کو اسٹیڈیم میں فٹ بال میچ دیکھنے سے روک دیا گیا

 


 تہران : ایران کی حکومت نے سینکڑوں خواتین کو فٹ بال میچ دیکھنے کےلیے اسٹیڈیم میں داخلے سے روک دیا ہے جو ٹکٹ خرید چکی تھیں۔ منگل کو مشہد میں امام رضا سٹیڈیم میں ایران اور لبننان کے درمیان فٹ بال ورلڈ کپ کا کوالیفائر میچ ہوا جسے ایران نے 2-0 سے جیت لیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ’ایران اور لبنان کے درمیان میچ دیکھنے کےلیے دو ہزار خواتین نے ٹکٹ خریدے تھے اور وہ اسٹیڈیم کے باہر موجود تھیں، لیکن وہ اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان علی رضا جہاں بخش نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ خواتین کے داخل ہونے سے کوئی مسئلہ پیدا ہونا تھا، بلکہ ہماری ثقافت کی پرموشن ہونی تھی۔‘ مشہد کے گورنر محسن دواری نے کہا کہ ’میں معذرت کرتا ہوں کہ بہت سے لوگ سٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکے۔

بدقسمتی سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد سٹیڈیم کے باہر کھڑی رہی۔ بدھ کو ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ رواں برس جنوری میں تین سال بعد خواتین کو عراق کے خلاف میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی۔ 1979 میں اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی حکومت نے عام طور پر خواتین کو فٹ بال سمیت دیگر کھیل دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔

ایرانی علما کا کہنا ہے کہ خواتین کو مردوں کے ماحول سے دور رہنا چاہیے۔ تاہم ستمبر 2019 میں فیفا نے ایران کو ہدایت کی تھی کہ خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔ فیفا نے ایران کو یہ ہدایت اس وقت دی تھی جب ایک لڑکی نے بھیس بدل کر میچ دیکھا تھا اور جیل جانے کے خوف میں خود کو آگ لگا دی تھی اور ہلاک ہو گئی تھی۔