فٹبال ورلڈ کپ:ایران شرکت کرے گا اور امریکہ میں ہی میچز کھیلے گا۔ فیفا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-04-2026
 فٹبال ورلڈ کپ:ایران  شرکت کرے گا اور امریکہ میں ہی میچز کھیلے گا۔  فیفا
فٹبال ورلڈ کپ:ایران شرکت کرے گا اور امریکہ میں ہی میچز کھیلے گا۔ فیفا

 



لندن :  فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ ایران آئندہ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور اپنے گروپ میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ہی کھیلے گا خواہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی برقرار کیوں نہ رہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات ترکیہ میں ایران اور کوسٹا ریکا کے درمیان کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس کی شرکت ہمارے لیے خوشی کی بات ہے۔

جیانی انفانٹینو نے بتایا کہ وہ ایرانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچ سے ملاقات کر چکے ہیں اور تمام امور درست سمت میں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کے میچز پہلے سے طے شدہ مقامات پر ہی ہوں گے۔

یہ ورلڈ کپ امریکہ میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے شروع ہوگا۔ ایران اپنا پہلا گروپ جی میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد 21 جون کو بیلجیم جبکہ 27 جون کو سیئٹل میں مصر کے خلاف میدان میں اترے گا۔

ایران کی شرکت پر اس وقت سوالات اٹھے تھے جب 28 فروری کو ایران امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ اس سے قبل ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا سے درخواست کی تھی کہ ایران کے میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباؤم نے بھی عندیہ دیا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو ان کا ملک ایران کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

ابتدائی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ٹیم کا خیرمقدم کرنے کی بات کہی تھی لیکن بعد میں انہوں نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے گریز کا مشورہ دیا۔

اس بیان پر ایران نے سخت ردعمل دیا اور کہا کہ کوئی بھی اس کی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔

19 مارچ کو جیانی انفانٹینو نے دوبارہ واضح کیا کہ فیفا ورلڈ کپ کو اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق کرانے کے لیے پرعزم ہے اور تمام ٹیمیں اس میں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فیفا جغرافیائی سیاسی تنازعات کو حل نہیں کر سکتا لیکن فٹبال کے ذریعے امن اور یکجہتی کے فروغ کی کوشش جاری رکھے گا۔

ادھر ایران نے گزشتہ جمعہ کو ترکیہ کے شہر بیلیک میں نائجیریا کے خلاف ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا جس میں کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر اور سکول بیگز کے ساتھ میدان میں آ کر جنگ کے پہلے دن ایک پرائمری سکول پر ہونے والے حملے کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا۔