ایرانی ٹیم ورلڈ کپ میں خوش آمدید مگر جان اور سلامتی کا خطرہ ہے۔ ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2026
 ایرانی ٹیم ورلڈ کپ میں خوش آمدید مگر جان اور سلامتی کا خطرہ ہے۔ ٹرمپ
ایرانی ٹیم ورلڈ کپ میں خوش آمدید مگر جان اور سلامتی کا خطرہ ہے۔ ٹرمپ

 



نیویارک:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آئندہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ایرانی قومی فٹبال ٹیم کا خیرمقدم کیا ہے تاہم ساتھ ہی انہیں خبردار بھی کیا ہے کہ اپنی جان اور سلامتی کے پیش نظر وہاں موجود ہونا مناسب نہیں ہوگا۔ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی قومی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں آنے کی اجازت ہے لیکن انہیں نہیں لگتا کہ ان کے لیے اپنی زندگی اور سلامتی کے لحاظ سے وہاں موجود ہونا مناسب ہے۔

ٹرمپ کا یہ بیان اس کے ایک دن بعد سامنے آیا جب ایرانی وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے کہا کہ ایران 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکتا کیونکہ امریکہ نے ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کر دیا ہے۔ الجزیرہ نے رائٹرز کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق احمد دنیا مالی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ چونکہ اس بدعنوان حکومت نے ہمارے رہنما کو قتل کیا ہے اس لیے ہم کسی بھی صورت میں ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکتے۔

اسرائیل اور امریکہ ایک طرف اور ایران دوسری طرف کے درمیان موجودہ کشیدگی کا آغاز 28 فروری سے ہوا تھا۔ مغربی ایشیا میں اس تنازع کے باعث عالمی توانائی کی سپلائی چین بھی متاثر ہوئی ہے۔امریکہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مشترکہ طور پر کرے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں 104 میچ کھیلے جائیں گے۔ مقابلوں کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی اسٹیڈیم سے ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچ امریکی شہروں میں ہوں گے جن میں لاس اینجلس اور سی ایٹل شامل ہیں۔

احمد دنیا مالی کا بیان اس وقت سامنے آیا جب فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بدھ کے روز انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت کا خیرمقدم کیا ہے۔جیانی انفانٹینو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے دوبارہ واضح کیا ہے کہ ایرانی ٹیم کو یقیناً امریکہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہا جائے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے بھی اس سے قبل کہا تھا کہ حالیہ حملوں کے بعد ایران سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے بارے میں پر امید ہو۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حالات ایسے ہوں تو کون سا ملک اپنی قومی ٹیم کو ایسے مقام پر بھیجنا چاہے گا۔