ایران:ایشین گیمز 2026 کے لیے 12 رکنی کبڈی اسکواڈ کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
ایران:ایشین گیمز 2026 کے لیے 12 رکنی کبڈی اسکواڈ کا اعلان
ایران:ایشین گیمز 2026 کے لیے 12 رکنی کبڈی اسکواڈ کا اعلان

 



نئی دہلی: تجربہ کار ڈیفنڈر فضل اطراچالی اور آل راؤنڈر محمدرضا شادلوئی جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 کے لیے ایران کی 12 رکنی مردوں کی کبڈی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔34 سالہ فضل اطراچالی ایشین گیمز میں ایران کی قیادت کریں گے اور براعظمی مقابلوں میں اپنی 5ویں شرکت کریں گے۔ تجربہ کار ڈیفنڈر ایشین گیمز میں 4 تمغے جیت چکے ہیں۔ ان میں جکارتہ 2018 کا طلائی تمغہ اور گوانگ ژو 2010۔ انچیون 2014 اور ہانگ ژو 2023 کے چاندی کے تمغے شامل ہیں۔

اطراچالی پرو کبڈی لیگ میں اب تک کے سب سے زیادہ ٹیکل پوائنٹس حاصل کرنے والے ڈیفنڈر بھی ہیں۔ گزشتہ سال دبنگ دہلی کے سی کی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد انہیں لیگ کا سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔دوسری جانب آل راؤنڈر محمدرضا شادلوئی ایرانی ٹیم کو مزید تجربہ اور طاقت فراہم کریں گے۔ وہ پرو کبڈی لیگ میں اب تک کے ٹیکل پوائنٹس کی فہرست میں مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر ہیں اور گزشتہ سیزن میں گجرات جائنٹس کی کپتانی کر چکے ہیں۔ محمد اسماعیل نبی بخش بھی ٹیم کے ایک تجربہ کار آل راؤنڈر ہیں۔

ایران کی 12 رکنی ٹیم کے 7 کھلاڑی وہ ہیں جو 2023 کے ہانگ ژو ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ اطراچالی۔ شادلوئی اور نبی بخش کے علاوہ رضا میرباقری۔ علیرضا مرزائیان۔ امیر محمد ظفردانیش اور امیرحسین باستانی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ایران 2023 کے ہانگ ژو ایشین گیمز کے فائنل میں ہندوستان سے 33۔29 سے شکست کھا کر رنر اپ رہا تھا۔ اس سے قبل جکارتہ 2018 میں ایران نے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی اور بعد میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

آئچی ناگویا 2026 ایشین گیمز میں ایران کو گروپ بی میں پاکستان۔ ملائیشیا۔ نیپال اور تھائی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن ہندوستان گروپ اے میں بنگلہ دیش۔ جنوبی کوریا۔ چینی تائپے اور میزبان جاپان کے ساتھ شامل ہے۔مردوں کے کبڈی مقابلے 21 سے 26 ستمبر تک ٹوکائی سٹیزنز جمنازیم میں ہوں گے۔ ایشین گیمز کا مجموعی انعقاد 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہوگا۔ایران کی خواتین کی کبڈی ٹیم کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ایران کی مردوں کی کبڈی ٹیم: فضل اطراچالی کپتان۔ محمدرضا شادلوئی۔ رضا میرباقری۔ علیرضا مرزائیان۔ امیر محمد ظفردانیش۔ محمد اسماعیل نبی بخش۔ علی صمدی۔ امیرحسین باستانی۔ امیرحسین اجلالی۔ حیدر اکرامی۔ امید خواجستہ۔ علی ایووزی۔