کرکٹ ٹیم کو ایشیائی کھیلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں براہ راست داخلہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-07-2026
 کرکٹ ٹیم کو ایشیائی کھیلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں براہ راست داخلہ
کرکٹ ٹیم کو ایشیائی کھیلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں براہ راست داخلہ

 



نئی دہلی:ہندوستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے 2026 ایشیائی کھیلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں براہ راست جگہ حاصل کر لی ہے۔بنگلہ دیش پاکستان اور سری لنکا نے بھی 2026 ایشیائی کھیلوں کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔دوسری جانب افغانستان ہانگ کانگ جاپان ملائیشیا نیپال اور عمان باقی نشستوں کے لیے ابتدائی مرحلے میں مقابلہ کریں گے۔

مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے قرعہ اندازی اور گروپوں کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق مردوں کے مقابلوں میں 10 ٹیمیں جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔خواتین کے ٹورنامنٹ کا آغاز کوارٹر فائنل مقابلوں سے ہوگا جہاں ہندوستان کا مقابلہ جاپان سے بنگلہ دیش کا چین سے سری لنکا کا ملائیشیا سے اور پاکستان کا تھائی لینڈ سے ہوگا۔

خواتین کا مقابلہ 17 ستمبر سے 22 ستمبر تک کھیلا جائے گا جبکہ مردوں کا ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گا۔ابتدائی مرحلے میں گروپ اے میں افغانستان جاپان اور نیپال شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ ملائیشیا اور عمان کی ٹیمیں ہوں گی۔

ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی جہاں وہ پہلے ہی براہ راست کوالیفائی کرنے والی چار ٹیموں سے مقابلہ کریں گی۔تمام میچ جاپان کے شہر ناگویا میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔

ہندوستان نے 2023 ایشیائی کھیلوں میں مردوں اور خواتین دونوں کے کرکٹ مقابلوں میں طلائی تمغے جیتے تھے۔مردوں کا فائنل بارش کے باعث اس وقت منسوخ کر دیا گیا تھا جب افغانستان 18.2 اوورز کھیل چکا تھا۔ اس کے بعد بہتر درجہ بندی کی بنیاد پر ہندوستان کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا۔

خواتین کے مقابلے میں ہندوستان نے فائنل میں سری لنکا کو 19 رنز سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔