نئی دہلی
ہاکی انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم رواں سال 21 مئی سے 3 جون تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ یہ دورہ آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ 2025-26 کی تیاریوں کا حصہ ہوگا، جو 15 سے 21 جون تک آکلینڈ، نیوزی لینڈ میں منعقد ہوگا۔دورے کے دوران ہندوستانی ٹیم پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں 26 سے 30 مئی 2026 کے درمیان آسٹریلیا کے خلاف چار میچ کھیلے گی۔ پہلے دو میچ 26 اور 27 مئی کو شام 5 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق) ہوں گے، جبکہ باقی دو میچ 29 اور 30 مئی کو صبح 11 بجے کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا کے دورے کے بعد ٹیم نیوزی لینڈ روانہ ہوگی، جہاں نیشنز کپ سے قبل پریکٹس میچز کے ذریعے اپنی تیاریوں کو مزید مضبوط کرے گی۔ یہ معلومات ہاکی انڈیا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم اس دورے میں ارجنٹینا کے حوصلہ افزا دورے کے بعد حصہ لے رہی ہے، جہاں ٹیم نے زبردست جذبہ دکھاتے ہوئے چار میچوں کی سیریز میں دو فتوحات حاصل کی تھیں۔
ارجنٹینا سے واپسی کے بعد سے ٹیم ایس اے آئی بنگلورو کے قومی کیمپ میں سخت تربیت حاصل کر رہی ہے، جہاں بین الاقوامی مقابلوں کے مصروف شیڈول سے قبل اہم شعبوں میں بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔کوکا کولا انڈیا فاؤنڈیشن "آنندانا" کے تعاون سے ٹیم کی ڈریگ فلکر کھلاڑیوں کے لیے نیدرلینڈز کے لیجنڈ ٹائیکے ٹائیکما کی نگرانی میں خصوصی ڈریگ فلک ٹریننگ کلینک بھی منعقد کیا جائے گا۔ یہ تربیتی کیمپ 26 مئی سے 21 جون 2026 تک پرتھ، آسٹریلیا اور آکلینڈ، نیوزی لینڈ میں جاری رہے گا۔
دورے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے چیف کوچ شیورڈ ماریجن نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہاکی انڈیا نے اس دورے کو ممکن بنایا، کیونکہ یہ میچ ہمیں اپنے کیمپوں کے بعد اپنی خامیوں اور بہتری کے پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد دیں گے۔ ہم نے ارجنٹینا کے خلاف کھیلتے ہوئے معیار دیکھا تھا، اب ہم جانچ سکیں گے کہ اپنی آخری دو جیتوں کی سطح کے کتنے قریب پہنچے ہیں اور کیا ہم اس رفتار کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نیوزی لینڈ روانگی سے قبل ٹیم کو وہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ طویل پرواز کے بجائے ہم نے سفر کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا ہے تاکہ ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کا عمل تیز ہو سکے۔ نیوزی لینڈ میں موسم زیادہ سرد ہے اور آسٹریلیا، خاص طور پر پرتھ کے حالات، اس سے کافی حد تک ملتے جلتے ہیں۔