چیلمسفورڈ۔ :ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کو 38 رنز سے شکست دے دی۔بیٹنگ۔ بولنگ اور فیلڈنگ میں مکمل ٹیم ورک کی بدولت ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو ابتدائی نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر اسمرتی مندھانا جلد آؤٹ ہو گئیں۔ تاہم اس کے بعد یستیکا بھاٹیہ اور جیما روڈریگز نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔
یستیکا بھاٹیہ نے 40 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
جیما روڈریگز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ آخری اوورز میں دیپتی شرما کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے لارین بیل نے چار اوورز میں 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹلی کورٹین کولمین نے بھی درمیانی اوورز میں مؤثر بولنگ کی۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی کرانتی گوڈ نے ابتدا میں ہی صوفیہ ڈنکلی اور ایلس کیپسی کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو دباؤ میں ڈال دیا۔
ایمی جونز نے 48 گیندوں پر 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے شامل تھے جبکہ ہیدر نائٹ نے 21 رنز بنائے۔تاہم نندنی شرما نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں موڑ دیا۔
دیپتی شرما نے بھی ایک اہم وکٹ حاصل کی جبکہ کرانتی گوڈ نے آخری اوورز میں نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ایمی جونز کے علاوہ انگلینڈ کی کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 38 رنز سے میچ ہار گئی۔