دورہ آسٹریلیا: گل ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان، ایر نائب کپتان، روہت اور ویرات کی واپسی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2025
 دورہ آسٹریلیا: گل ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان، ایر نائب کپتان، روہت اور ویرات  کی واپسی
دورہ آسٹریلیا: گل ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان، ایر نائب کپتان، روہت اور ویرات کی واپسی

 



 ممبئی (اے این آئی): ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتے کے روز آسٹریلیا کے خلاف آنے والی دو طرفہ سیریز کے لیے ون ڈے اور ٹی20 ٹیموں کا اعلان کیا۔ یہ سیریز 19 اکتوبر سے شروع ہوگی، جس میں ٹیم انڈیا تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچ کھیلے گی۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل کے بعد پہلی بار روہت شرما اور ویرات کوہلی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں، تاہم سب کو حیرت اس بات پر ہوئی کہ روہت اس بار آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ٹیم کی قیادت نہیں کریں گے۔ ان کی جگہ دائیں ہاتھ کے بلے باز شبمن گل کو کپتان بنایا گیا ہے، جبکہ شریاس ایر نائب کپتان ہوں گے۔

وکٹ کیپرز کے طور پر کے ایل راہل اور دھروو جریوال کو منتخب کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈرز میں نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر شامل ہیں۔ اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو ایشیا کپ 2025 کے دوران معمولی چوٹ لگنے کے بعد ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔

بولنگ شعبے میں سلیکشن کمیٹی نے محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسید کرشنا اور ہرشت رانا کو تیز گیند بازوں کے طور پر شامل کیا ہے، جبکہ کلدیپ یادو واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہوں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 اسکواڈ تقریباً وہی ہے جو ایشیا کپ 2025 میں کھیلا تھا، البتہ اس میں آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کی شمولیت نئی ہے۔

ہندوستان کی ون ڈے ٹیم:
شبمن گل (کپتان)، روہت شرما، ویرات کوہلی، شریاس ایر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسید کرشنا، دھروو جریوال (وکٹ کیپر)، یشسوی جیسوال۔

ہندوستان کی ٹی20 ٹیم:
سوریا کمار یادو (کپتان)، ابھیشیک شرما، شبمن گل (نائب کپتان)، تلاگ ورما، نتیش کمار ریڈی، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، رنکو سنگھ، واشنگٹن سندر۔ (اے این آئی)