گوہاٹی ۔ ہندوستان کو دوسرے ٹیسٹ کی پانچویں دن 400 سے زیادہ رنز کا تعاقب کرنا ہے۔ ایسا کارنامہ اب تک صرف ایک بار 1948 میں آسٹریلیا نے انجام دیا تھا۔ہندوستانی ٹیم کو گواہاٹی کے بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے آخری دن 522 رنز درکار ہیں۔ چوتھے دن کے اختتام پر ہندوستان کی حالت مشکل میں ہے۔ اسکور 27/2 ہے اور جنوبی افریقہ کو سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کرنے کے لئے صرف آٹھ وکٹیں درکار ہیں۔ یشسوی جیسوال 13 اور کے ایل راہل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سائی سدھارتھن 2 ناٹ آؤٹ اور نائٹ واچ مین کلدیپ یادو 4 ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں۔
پانچویں دن 400 سے زیادہ رنز بنا کر میچ جیتنے والی پہلی ٹیم آسٹریلیا تھی۔ یہ کارنامہ صرف ایک بار ہوا ہے۔ جولائی 1948 میں لیڈز میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے آخری دن 404/3 رنز بنا کر سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 496 رنز بنائے تھے۔ لیونارڈ ہٹن نے 81 اور سیریل واش بروک نے 143 رنز کی بہترین پاریاں کھیلیں۔ بل ایڈرش نے 111 اور الیگ بیڈسر نے 79 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سیم لاک اسٹن نے 3 وکٹیں جبکہ رے لنڈ وال اور ایان جانسن نے 2۔2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے 458 رنز بنائے۔ نیل ہاروی نے 112 اور سیم نے 93 رنز بنائے۔انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 365/8 پر اعلان کیا اور آسٹریلیا کو آخری دن 404 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ تعاقب میں آسٹریلوی کپتان ڈان بریڈ مین نے 173 ناٹ آؤٹ کی فاتحانہ اننگز کھیلی اور آسٹریلیا نے پانچویں دن میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔
جاری دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 489 رنز اسکور کئے۔ سینیوران متھو سامی نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری 109 رنز بنائے۔ مارکو جانسن نے بھی شاندار 93 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان کے لئے کلدیپ یادو نے 4/115 کے بہترین اعداد و شمار حاصل کئے۔جواب میں ہندوستان 201 رنز پر آؤٹ ہوگیا۔ جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز جانسن نے 6/48 کی شاندار بولنگ کی۔ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 260/5 پر اعلان کیا اور ہندوستان کے لئے 549 رنز کا بڑا ہدف مقرر کیا۔ ٹرسٹن سٹبس نے 94 رنز بنائے جبکہ ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان کو سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے لئے آخری دن 522 رنز درکار ہیں۔ جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ کلکتہ میں 30 رنز سے جیت چکا ہے۔