ہندوستانن ے بنگلہ دیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ساتویں ساٖف انڈر 17 چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ فائنل ہفتہ 27 ستمبر 2025 کو کولمبو کے ریس کورس انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
ڈرامے اور تناؤ سے بھرپور اس مقابلے میں ہندوستان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانکی جانب سے ڈلاموؤن گینگتے، کورو میتئی کونتھوجم، اندرارانا مَگر اور شبھم پونیا نے پنالٹی ککس کو کامیابی سے گول میں بدلا، جبکہ بنگلہ دیش دباؤ میں بکھر گیا۔ محمد اکرام الاسلام کا شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا، محمد اعظم خان کی کک بھارتی گول کیپر مانش جیوٹی بَروآ نے روک لی، اور اگرچہ محمد منیک نے ایک کک کو گول میں بدلا، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ہندوستان کے کھلاڑی جشن میں جھوم اٹھے اور اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا۔
میچ کے آغاز میں ہی ہندوستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ چوتھے منٹ میں گنگلیبا وانگخیراکپام کی جانب سے کراس پر ڈلاموؤن گینگتے نے ری باؤنڈ شاٹ پر پہلا گول کر کے برتری دلائی۔ اگرچہ ہندوستان گیند پر قابض رہا لیکن مزید مواقع ضائع ہونے کے باعث بنگلہ دیش کھیل میں واپس آیا اور 24ویں منٹ میں نذمل ہُدیٰ فیصل کی کوشش پر کارنر ملا، جس سے محمد منیک نے ہیڈر کے ذریعے گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔
بنگلہ دیش نے جارحانہ انداز جاری رکھا اور 29ویں منٹ میں محمد اوپو رحمان کا ہیڈر پوسٹ سے ٹکرایا۔ تاہم بھارتی گول کیپر بَروآ نے شاندار دفاع جاری رکھا۔ 38ویں منٹ میں بنگلہ دیش کی دفاعی غلطی پر ہندوستانکو دوسرا گول ملا۔ گنگلیبا نے پھر کراس دیا، گول کیپر گیند کو قابو نہ کر سکا اور ازلان شاہ نے ری باؤنڈ پر طاقتور شاٹ لگا کر اسکور 2-1 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں ہندوستان نے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور برتری قائم رکھنے کی کوشش کی۔ بنگلہ دیش نے کئی بار برابری کی کوشش کی، 49ویں اور 50ویں منٹ میں اسلام اور فیصل کے شاٹس گول کے قریب پہنچے لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ ادھر ہندوستانکے پاس بھی موقع تھا کہ کھیل ختم کرے، مگر 88ویں منٹ میں لیس وِن ریبیلو کا ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا۔
جب سب کو یقین ہو گیا کہ ہندوستان2-1 سے جیت جائے گا، ساتویں منٹ کے اضافی وقت میں بنگلہ دیش نے زبردست واپسی کی۔ محمد صابر اسلام کی لمبی تھرو پر بھارتی دفاع پریشان ہوا اور احسان حبیب رِضوان نے گیند جال میں ڈال کر اسکور 2-2 کر دیا اور میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بھارتی ٹیم نے غیر معمولی اعتماد اور حوصلہ دکھایا اور فتح اپنے نام کی۔ یہ کوچ بیبیانو فرنینڈس کے کیریئر کا پانچواں ساٖف ٹائٹل ہے، اور دوسرا اعزاز صرف پانچ ماہ کے اندر، اس سے قبل مئی میں انہوں نے اروناچل پردیش میں ساٖف انڈر 19 ٹائٹل بھی جیتا تھا۔