نئی دہلی (اے این آئی): بھارتی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی سکانت قدم نےSL4 کیٹیگری میں عالمی نمبر 1 رینکنگ حاصل کر لی ہے، جو ایک شاندار سنگ میل ہے اور پہلی بار وہ عالمی رینکنگ میں سرفہرست مقام پر پہنچے ہیں۔ یہ کامیابی ان کی انتھک محنت اور گزشتہ چند برسوں میں بین الاقوامی مقابلوں میں ان کی مسلسل اعلیٰ کارکردگی کی عکاس ہے۔سکانت کی اس کامیابی کے پیچھے ان کی شاندار پرفارمنسز ہیں جن میں ورلڈ پیرا بیڈمنٹن چیمپئن شپ اور ایشین پیرا گیمز میں متعدد تمغے شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اسپینش پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2025 میں طلائی تمغہ جیتا، جس نے ان کے اعتماد اور عالمی رینکنگ کو مزید مضبوط کیا۔
آگے کی تیاری کے طور پر سکانت اب چائنا پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2025 میں حصہ لینے جا رہے ہیں، جہاں ان کا مقصد ایک اور شاندار کارکردگی دکھا کر عالمی نمبر 1 کا درجہ برقرار رکھنا اور آئندہ بڑے مقابلوں سے قبل قیمتی تجربہ حاصل کرنا ہے۔ ان کی نظریں 2026 کے ایشین گیمز پر بھی ہیں، جہاں وہ بھارت کے لیے سونا جیت کر ملک کی پیرا بیڈمنٹن میں پوزیشن مزید بلند کرنے کے خواہاں ہیں۔
اپنی کامیابی اور آئندہ اہداف کے بارے میں بات کرتے ہوئے سکانت قدم نے کہا:
"عالمی نمبر 1 پر پہنچنا میرے لیے خواب پورا ہونے کے مترادف ہے، اور یہ مجھے ہر روز مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ چائنا پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2025 بہترین موقع ہے خود کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف آزمانے کا، اور میرا فوکس یہی ہے کہ اپنی فارم کو برقرار رکھوں تاکہ اگلے سال ایشین گیمز میں بہترین پرفارمنس دکھا سکوں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ میں بھارت کا نام روشن کرتے رہنا چاہتا ہوں اور نئی نسل کے پیرا ایتھلیٹس کو متاثر کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے کوچز نکھل کنیٹکر اور مایانک گولے کا دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے مسلسل میرا ساتھ اور رہنمائی کی، اور اپنی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس سفر میں میرے ساتھ کھڑی رہی۔
یاد رہے، جولائی میں سکانت نے برٹش اور آئرش پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2025 میں مینز سنگلزSL4 کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے اپنے بھارتی حریف نوین شیوا کمار کو اسٹریٹ سیٹس (21-14، 21-19) میں شکست دی۔ فائنل میں انہوں نے فرانس کے پیرا اولمپک چیمپئن لوکاس مازور کا سامنا کیا اور بہترین مقابلہ کرنے کے باوجود 6-21، 14-21 سے شکست کھا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔